اگر آپ ایک ایسا فون ڈھونڈ رہے ہیں جو سوشل میڈیا کی چکا چوند اور بے جا نوٹیفکیشنز سے دور رکھے، تو ایچ ایم ڈی کا نیا ڈیوائس آپ کی توجہ کا مستحق ہے۔
موبائل مینوفیکچرنگ کمپنی HMD نے فلپائن میں اپنا نیا کلیم شیل (فولڈ ایبل) فیچر فون ‘نوکیا 2360 فلپ’ باضابطہ طور پر متعارف کرا دیا ہے ، اس کلاسک فون کو خاص طور پر بزرگ شہریوں اور اسکول جانے والے بچوں کی روزمرہ ضروریات اور آسان استعمال کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔
اس فون کی ساخت اور ڈسپلے پر نظر ڈالیں تو نوکیا 2360 فلپ میں 2.8 انچ کی اندرونی ڈسپلے اسکرین کے ساتھ 1.77 انچ کی بیرونی اسکرین دی گئی ہے، تاکہ فون کو کھولے بغیر بھی وقت اور نوٹیفکیشنز دیکھے جا سکیں۔
ڈیوائس کو طاقت فراہم کرنے کے لیے اس میں 1450 ایم اے ایچ کی قابلِ تبدیل (ری موو ایبل) بیٹری موجود ہے۔ علاوہ ازیں، اس میں بنیادی عکاسی کے لیے کیو وی جی اے (QVGA) کیمرا، 3.5 ملی میٹر ہیڈفون جیک، ایف ایم ریڈیو اور لاؤڈ اسپیکر کی سہولت بھی دی گئی ہے، جبکہ اس کی اندرونی اسٹوریج 4 ایم بی ہے۔
اس فون کو دیگر فیچر فونز سے ممتاز بنانے والی سب سے اہم خصوصیت ‘فیملی اسسٹ’ ہے، اس فیچر کی مدد سے خاندان کے نامزد افراد دور بیٹھ کر بھی اس فون کے کانٹیکٹس کو مینج کر سکتے ہیں، فون کی آواز (والیوم) کی سطح میں تبدیلی کر سکتے ہیں اور بزرگوں یا بچوں کے لیے روزمرہ کی یاد دہانیاں سیٹ کر سکتے ہیں۔
کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے نمٹنے کے لیے فون میں ایک مخصوص ایس او ایس (SOS) بٹن فراہم کیا گیا ہے۔ اس بٹن کو دبانے پر فون خودکار طور پر بنیادی ہنگامی رابطہ نمبر پر کال ملاتا ہے، جبکہ اس کے ساتھ ہی پہلے سے محفوظ کیے گئے 5 منتخب نمبروں پر ہنگامی الرٹ میسجز بھی ارسال کر دیے جاتے ہیں۔
البتہ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ یہ فون صرف 2G نیٹ ورک کو سپورٹ کرتا ہے اور اس میں جدید 4G یا 5G کنیکٹیویٹی کی سہولت موجود نہیں۔ کلیم شیل ڈیزائن کا یہ ڈیوائس ان تمام لوگوں کے لیے ایک بہترین اور محفوظ انتخاب ہے جو اسمارٹ فون کی الجھنوں سے دور رہ کر صرف سادہ اور بااعتماد رابطے کو ترجیح دیتے ہیں۔