گیس طلب میں اضافے کا خدشہ، پاکستان نے اضافی ایل این جی حاصل کر لی

گیس طلب میں اضافے کا خدشہ، پاکستان نے اضافی ایل این جی حاصل کر لی

حکومت نے گیس کی ممکنہ قلت اور عالمی توانائی منڈی میں غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر اہم پیشگی اقدام اٹھاتے ہوئے اضافی ایل این جی کارگو کی خریداری یقینی بنا لی ہے۔ یہ فیصلہ آئندہ مہینوں میں گیس کی طلب پوری رکھنے اور کسی بھی ممکنہ بحران سے بچنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل) نے اسپاٹ مارکیٹ سے ایک ایل این جی کارگو خریدنے کا ٹھیکہ عالمی توانائی کمپنی بی پی سنگاپور کو دے دیا ہے۔ کمپنی نے 19.1337 ڈالر فی ملین برٹش تھرمل یونٹ (ایم ایم بی ٹی یو) کی بولی کے ساتھ کامیاب پیشکش دی۔

مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی عالمی منڈی میں ایل این جی کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور سپلائی چین کے خدشات کے باعث پاکستان نے بروقت اقدام کرتے ہوئے اضافی گیس کے ذخائر یقینی بنانے کی کوشش کی ہے تاکہ گھریلو اور صنعتی صارفین کو بلا تعطل فراہمی برقرار رکھی جا سکے۔

ذرائع کے مطابق حکومت کو خدشہ ہے کہ خطے میں جاری جغرافیائی اور سیاسی صورتحال عالمی توانائی منڈی کو متاثر کر سکتی ہے جس کے نتیجے میں ایل این جی کارگو کی دستیابی اور قیمتوں پر دباؤ بڑھ سکتا ہے۔ اسی تناظر میں پاکستان نے پیشگی خریداری کے ذریعے توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانے کی حکمت عملی اختیار کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وفاقی وزیرِ پیٹرولیم نے گیس صارفین کو بڑی خوشخبری سنادی

حکام کا کہنا ہے کہ حاصل کیا جانے والا ایل این جی کارگو آئندہ دنوں میں ملکی گیس سسٹم میں شامل کیا جائے گا جس سے بجلی گھروں صنعتوں اور گھریلو صارفین کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔

 اگر عالمی مارکیٹ میں کشیدگی برقرار رہی تو ایل این جی کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے تاہم پاکستان کی جانب سے بروقت خریداری مستقبل میں ممکنہ مالی اور سپلائی دباؤ کو کم کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔

حکومتی حلقوں کا مؤقف ہے کہ ملک کو توانائی کے کسی بھی ممکنہ بحران سے محفوظ رکھنے کے لیے گیس اور ایل این جی کی فراہمی پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید اقدامات بھی کیے جا سکتے ہیں۔

editor

Related Articles