پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قومی ٹیم کے دو سابق کپتانوں کو اہم انتظامی اور کوچنگ ذمہ داریاں دیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے تحت ٹیم ڈھانچے میں بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز یونس خان کو پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ بنائے جانے کا امکان ہے اس کے ساتھ ساتھ انہیں قومی سلیکشن کمیٹی کا حصہ بنانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
اسی طرح ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق کپتان محمد حفیظ کو پاکستان کرکٹ بورڈ میں ڈائریکٹر کرکٹ انٹرنیشنل کی ذمہ داری دیے جانے کا امکان ہے ،انہیں قومی سلیکشن کمیٹی میں بھی شامل کیے جانے کی تجویز زیر غور ہے۔
اطلاعات کے مطابق موجودہ انتظامی ڈھانچے میں مزید تبدیلیوں کے تحت قومی ٹیسٹ ٹیم کے کوچ اور کپتان کے حوالے سے بھی فیصلے متوقع ہیں،ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ٹیسٹ ٹیم کے کوچ اور کپتان کی تبدیلی پر غور کیا جا رہا ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی اعلان نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ بعض موجودہ ذمہ داریاں جاری رہیں گی اور کچھ عہدوں پر رد و بدل کیا جا سکتا ہے تاکہ ٹیم کی کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے یہ ممکنہ تبدیلیاں آئندہ کرکٹ سیریز اور عالمی مقابلوں کی تیاریوں کے پیش نظر کی جا رہی ہیں، جن کا مقصد قومی ٹیم کے ڈھانچے کو مزید مؤثر اور مضبوط بنانا ہے۔