یوفون اور ٹیلی نار صارفین کے لئے اہم خبر

یوفون اور ٹیلی نار صارفین کے لئے اہم خبر

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے یوفون اور ٹیلی نار پاکستان کے انضمام کے بعد قائم ہونے والے ادارے کو اپنی قانونی، مالی، انتظامی اور آپریشنل ساخت کی مکمل تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ ریگولیٹری منظوری حاصل کیے بغیر کسی نئے برانڈ نام، لوگو یا تشہیری مہم کا آغاز نہیں کیا جا سکتا۔ اس حوالے سے پاکستان ٹیلی کام موبائل لمیٹڈ (پی ٹی ایم ایل) کو باضابطہ نوٹس جاری کیا گیا ہے، جو انضمام کے بعد یوفون کو آپریٹ کر رہی ہے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق پی ٹی اے نے نئی کارپوریٹ ساخت سے متعلق تمام ریکارڈ طلب کیا ہے، جس میں متعلقہ قوانین کے تحت حاصل کی گئی منظوریوں اور دیگر ضروری دستاویزات کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ریگولیٹر نے اس سے قبل بھی پی ٹی ایم ایل اور انضمام شدہ ادارے کو ہدایت کی تھی کہ قانونی انضمام مکمل ہونے کے فوری بعد اتھارٹی کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے، تاکہ انضمام کے بعد کیے جانے والے تمام انتظامات کا جائزہ ریگولیٹری تقاضوں کے مطابق لیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں فری لانسرز کی ادائیگوں کے لیے بہترین پلیٹ فارم کا باضابطہ آغاز

پی ٹی اے کے مطابق کسی بھی نئے برانڈ، لوگو یا تشہیری مہم کے آغاز سے پہلے اتھارٹی کو پیشگی اطلاع دینا اور اس کی منظوری حاصل کرنا قانونی طور پر لازمی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ اقدامات پاکستان کے ٹیلی کمیونیکیشن شعبے میں نافذ قانونی اور ریگولیٹری فریم ورک پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب ٹیلی نار پاکستان کے پاکستان ٹیلی کام موبائل لمیٹڈ میں قانونی انضمام کے بعد کمپنی نے نئے برانڈ کی منظوری کے لیے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے رجوع کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق انضمام کے بعد کی حکمت عملی کے تحت پی ٹی ایم ایل نے عالمی برانڈ ‘‘e&’’ اپنانے کی تجویز دی ہے، جو تمام ضروری ریگولیٹری منظوریوں کے بعد مرحلہ وار موجودہ یوفون اور ٹیلی نار برانڈز کی جگہ لے گا۔

Related Articles