ایران نے آبنائے ہرمز پر امریکی ہیلی کاپٹر مار گرایا، امریکا جواب دے گا: ٹرمپ کا دعویٰ

ایران نے آبنائے ہرمز پر امریکی   ہیلی کاپٹر مار گرایا، امریکا جواب دے گا: ٹرمپ کا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز کے اوپر گشت کرنے والے ایک امریکی اپاچی ہیلی کاپٹر کو مار گرایا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق واقعے میں ہیلی کاپٹر میں سوار دونوں پائلٹ محفوظ رہے، تاہم امریکا اس حملے کا جواب دے گا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری بیان میں کہا کہ انہیں امریکی فوج کی جانب سے اطلاع دی گئی ہے کہ گزشتہ رات ایرانی فورسز نے آبنائے ہرمز کے اوپر گشت کرنے والے ایک جدید امریکی اپاچی ہیلی کاپٹر کو مار گرایا۔

ٹرمپ کے مطابق ہیلی کاپٹر میں دو پائلٹ سوار تھے اور دونوں محفوظ ہیں، جبکہ انہیں کوئی چوٹ نہیں آئی۔

امریکی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ اس حملے کے جواب میں امریکا کو کارروائی کرنا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ضرورت کے تحت امریکا کو اس حملے کا جواب دینا ہوگا۔‘‘

ٹرمپ نے واقعے کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں، جبکہ فوری طور پر امریکی فوج کی جانب سے بھی اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل اور ایران نے ایک ہفتے کیلئے ایک دوسرے کیخلاف کارروائیاں نہ کرنے پر اتفاق کرلیا، امریکی صدر ٹرمپ

واضح رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے ایک اہم بحری گزرگاہ سمجھی جاتی ہے اور اس علاقے میں کسی بھی فوجی کشیدگی کے عالمی منڈیوں اور علاقائی سلامتی پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

Related Articles