پینٹاگون میں مشتبہ خطرناک مواد کی اطلاع،متعدد حصوں میں لاک ڈاؤن نافذ

پینٹاگون میں مشتبہ خطرناک مواد کی اطلاع،متعدد حصوں میں لاک ڈاؤن نافذ

امریکی وزارتِ دفاع کے مرکزی ہیڈکوارٹر پینٹاگون میں مشتبہ خطرناک مواد کی موجودگی کی اطلاع کے بعد سیکیورٹی اداروں نے فوری اقدامات کرتے ہوئے عمارت کے متعدد حصوں میں لاک ڈاؤن نافذ کر دیا، واقعے کے بعد پینٹاگون اور اس کے اطراف میں سیکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی جبکہ متعلقہ اداروں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق مشتبہ مواد کی اطلاع موصول ہوتے ہی سیکیورٹی فورسز حرکت میں آ گئیں اور احتیاطی تدابیر کے طور پر عمارت کی کئی منزلوں اور راہداریوں کو بند کر دیا گیا، حکام نے عمارت کے اندر موجود عملے اور دیگر افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر کے ممکنہ خطرات سے بچانے کی کوشش کی۔

رپورٹس کے مطابق پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پینٹاگون کی عمارت کا گھیراؤ کر لیا ہے جبکہ داخلی اور خارجی راستوں پر نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے، سیکیورٹی اہلکاروں نے متاثرہ علاقوں کو مکمل طور پر سیل کر کے وہاں غیر متعلقہ افراد کی آمد و رفت روک دی۔

یہ بھی پڑھیں :پینٹاگون کی خفیہ ای میل لیک، نیٹو اتحاد میں بھونچال آگیا

اطلاعات کے مطابق خطرناک مواد سے نمٹنے میں مہارت رکھنے والی خصوصی ہنگامی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئی ہیں اور مشتبہ مقام کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے، حکام نے عمارت میں ہائی الرٹ نافذ کرتے ہوئے عملے کی حفاظت کو اولین ترجیح قرار دیا ہے۔

تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ مشتبہ مواد کی نوعیت کیا ہے اور آیا اس سے واقعی کوئی خطرہ لاحق تھا یا نہیں تاہم متعلقہ ادارے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں اور واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔

پینٹاگون انتظامیہ کی جانب سے فوری طور پر کسی حتمی نتیجے کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور جیسے ہی مزید معلومات سامنے آئیں گی، عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔

editor

Related Articles