پنشنرز کی مشکل آسان، اب پنشن کے ساتھ ویلفیئر فنڈ بھی ملے گا

پنشنرز کی مشکل آسان، اب پنشن کے ساتھ ویلفیئر فنڈ بھی ملے گا

بیوہ پنشنرز کے لیے اہم سہولت فراہم کرتے ہوئے پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) نے ویلفیئر فنڈ گرانٹ کی ادائیگی کا طریقہ کار تبدیل کردیا ہے اب بیوہ پنشنرز کو ویلفیئر فنڈ گرانٹ حاصل کرنے کے لیے الگ سے درخواست یا بل جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ گرانٹ ان کی ماہانہ پنشن کے ساتھ ہی ادا کی جائے گی۔

پیسکو ہیڈکوارٹر کی جانب سے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس میں بیوہ پنشنرز کے لیے ویلفیئر فنڈ گرانٹ الگ سے حاصل کرنے کی شرط ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نئے طریقہ کار کے تحت پنشن کی ماہانہ ادائیگی کے ساتھ ہی متعلقہ گرانٹ بھی شامل کردی جائے گی۔

پیسکو انتظامیہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد بیوہ پنشنرز کو درپیش دفتری پیچیدگیوں اور گرانٹ کے حصول کے لیے بار بار کارروائی مکمل کرنے کی ضرورت ختم کرنا ہے۔ اس سے مستحق بیوہ پنشنرز کو گرانٹ کے حصول میں ہونے والی تاخیر بھی کم ہونے کی توقع ہے۔

نوٹیفکیشن میں معذور اور مستحق بچوں کے حوالے سے بھی اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایسے بچوں کے لیے منظور شدہ ویلفیئر گرانٹ اب ان کے سرپرست کی ماہانہ تنخواہ کے ساتھ منتقل کی جائے گی۔ اس طریقہ کار کے بعد سرپرستوں کو گرانٹ کے حصول کے لیے الگ سے بل جمع کرانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

پیسکو حکام نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ بیوہ پنشنرز، معذور بچوں اور دیگر مستحقین کے کیسز بروقت جمع کیے جائیں تاکہ گرانٹ کی ادائیگی میں غیر ضروری تاخیر نہ ہو۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرول کی قیمتیں آسمان پر لیکن ایل این جی سستی ہوگئی،عوام کو بڑا ریلیف مل گیا

نوٹیفکیشن میں مختلف ڈویژنز کے درمیان پنشن اور ویلفیئر فنڈ کی ادائیگی کے معاملات کے لیے بھی طریقہ کار واضح کیا گیا ہے۔ اگر کسی ملازم یا پنشنر کا پنشن اور فنڈ مختلف ڈویژنز سے جاری ہوتا ہے تو متعلقہ افسران کو ضروری کارروائی مکمل کرکے پنشن اور ویلفیئر گرانٹ کی ادائیگی ایک ہی ڈویژن سے یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پیسکو انتظامیہ نے تمام متعلقہ افسران اور شعبوں کو نئے طریقہ کار پر سختی سے عملدرآمد کرنے کا حکم دیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق ویلفیئر گرانٹ کو ماہانہ پنشن یا تنخواہ کے نظام کے ساتھ منسلک کرنے سے مستحق افراد کے لیے ادائیگی کا عمل مزید آسان اور مؤثر ہوگا۔

اس فیصلے سے بالخصوص ان بیوہ پنشنرز اور مستحق بچوں کے سرپرستوں کو سہولت ملے گی جو پہلے ویلفیئر گرانٹ کے حصول کے لیے الگ دفتری کارروائی مکمل کرنے پر مجبور تھے۔ نئے نظام کے تحت گرانٹ کی ادائیگی معمول کی ماہانہ ادائیگی کے ساتھ ہونے سے نہ صرف کاغذی کارروائی کم ہوگی بلکہ مستحقین کو رقم کے حصول کے لیے بار بار متعلقہ دفاتر سے رجوع کرنے کی ضرورت بھی کم ہوجائے گی۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles