واٹس ایپ نے آئی فون صارفین کے لیے ایک نئے فیچر کی آزمائش شروع کردی ہے، جس کے ذریعے صارفین تھرڈ پارٹی ایجنٹس کو براہ راست واٹس ایپ چیٹ میں شامل کرکے مختلف کام لے سکیں گے۔
ڈبلیواے بیٹا انفو کے مطابق یہ فیچر فی الحال محدود تعداد میں صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے اور اس کی آزمائش واٹس ایپ کے بیٹا ورژن میں جاری ہے۔
نئے فیچر کے تحت صارفین واٹس ایپ کی سیٹنگز میں جاکر اپنا پسندیدہ ایجنٹ شامل کرسکیں گے۔ ایک واٹس ایپ اکاؤنٹ کے ساتھ زیادہ سے زیادہ 5 ایجنٹس منسلک کرنے کی سہولت دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اب ہر ری ایکشن ہوگا آپ کی پسند کا، واٹس ایپ کا نیا فیچر سامنے آگیا
ایجنٹ کو کیسے شامل کیا جاسکے گا؟
ایجنٹ ترتیب دیتے وقت صارف اس کے لیے مخصوص نام اور پروفائل تصویر منتخب کرسکتا ہے۔ اس کے بعد واٹس ایپ ایک API کی فراہم کرے گا، جسے متعلقہ تھرڈ پارٹی سروس میں استعمال کرکے ایجنٹ کو واٹس ایپ اکاؤنٹ کے ساتھ منسلک کیا جاسکے گا۔
واٹس ایپ نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ اس اے پی آئی کی کسی دوسرے شخص کے ساتھ شیئر نہ کریں، کیونکہ اس کے ذریعے ایجنٹ پر مکمل کنٹرول حاصل کیا جاسکتا ہے۔
کنکشن مکمل ہونے کے بعد ایجنٹ عام واٹس ایپ کانٹیکٹ کی طرح چیٹ لسٹ میں دکھائی دے گا۔ صارف اس کے ساتھ چیٹ کرکے مختلف کام کروا سکے گا، جن میں ڈرافٹ تیار کرنا، نوٹس بنانا اور ذاتی معاون کے طور پر مدد لینا شامل ہے۔ یہ سہولت صرف اے آئی ایجنٹس تک محدود نہیں ہوگی، بلکہ واٹس ایپ کے مطابق دیگر مطابقت رکھنے والے بوٹس بھی اس نظام سے منسلک کیے جاسکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:20 سال میں 100 ارب روبوٹس؟ ایلون مسک کی حیران کن پیشگوئی
عام چیٹس تک ایجنٹ کی رسائی نہیں ہوگی
پرائیویسی کے حوالے سے واٹس ایپ نے اس فیچر میں ایک اہم پابندی رکھی ہے۔ تھرڈ پارٹی ایجنٹ صرف وہی پیغامات پڑھ سکے گا جو صارف خود اس کے ساتھ شیئر کرے گا۔
اسے صارف کی عام ذاتی چیٹس، کانٹیکٹس یا میڈیا تک براہ راست رسائی حاصل نہیں ہوگی۔ تاہم تھرڈ پارٹی ایجنٹس کے ساتھ ہونے والی گفتگو عام واٹس ایپ چیٹس کی طرح اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ نہیں ہوگی۔ ڈبلیواے بیٹا انفو کے مطابق ان پیغامات کو متعلقہ ایجنٹ کے ڈویلپر کے سسٹم تک پہنچانے کے لیے میٹا کی محفوظ سروس استعمال کی جائے گی۔
فیچر ابھی محدود صارفین کے لیے دستیاب
فی الحال یہ سہولت تمام آئی فون صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہے اور اسے منتخب ممالک میں محدود تعداد میں صارفین تک پہنچایا جارہا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق آئی او ایس کے لیے اس فیچر کی آزمائش واٹس ایپ بیٹا فارآئی او ایس26.37.10.70 ورژن میں کی جارہی ہے۔
اگر آزمائش کامیاب رہتی ہے تو مستقبل میں واٹس ایپ پر صارفین کے لیے مختلف تھرڈ پارٹی اے آئی ایجنٹس اور بوٹس کو براہ راست استعمال کرنے کے امکانات مزید بڑھ سکتے ہیں۔


