کرپشن سے متعلق بیان واپس نہیں لوں گا، حقیقت بیان کی ہے، چوہدری سالک کا دوٹوک اعلان

کرپشن سے متعلق بیان واپس نہیں لوں گا، حقیقت بیان کی ہے، چوہدری سالک کا دوٹوک اعلان

وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے پنجاب میں کرپشن سے متعلق اپنے بیان پر قائم رہتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے بیان کے بعد کرپشن ختم نہیں ہوئی بلکہ مزید کھل کر سامنے آگئی ہے، وہ اپنا بیان کسی صورت واپس نہیں لیں گے کیونکہ انہوں نے حقیقت بیان کی ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام  میں گفتگو کرتے ہوئے چوہدری سالک حسین نے کہا کہ گجرات میں ڈیڑھ سال سے ڈپٹی کمشنر تعینات تھیں اور اس دوران کوئی مسئلہ نہیں تھا، ان کے ساتھ بہتر ورکنگ کوآرڈینیشن رہی۔ ڈیڑھ سال قبل بھی اس معاملے پر بات ہوئی تھی اور درخواست کی گئی تھی کہ ایسے ڈپٹی کمشنر کو تعینات کیا جائے جنہیں اربن ڈویلپمنٹ کا تجربہ ہو۔ تاہم جب ڈپٹی کمشنر کی تعیناتی ہوئی تو انہوں نے کوئی اعتراض نہیں کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے غلط معلومات کی بنیاد پر ان کے بیان پر ردعمل دیا۔ وزیراعلیٰ کی جانب سے دیے گئے بیانات حکمرانوں کو زیب نہیں دیتے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پہلے دن سے ہونی چاہیے تھی، عام انتخابات میں ابھی ڈھائی سال باقی ہیں اور انہیں معلوم نہیں کہ وزیراعلیٰ کس الیکشن کی بات کر رہی ہیں۔

چوہدری سالک حسین نے واضح کیا کہ وہ کرپشن سے متعلق اپنا بیان واپس نہیں لیں گے کیونکہ یہ حقیقت پر مبنی ہے۔ انہیں جاری کیے گئے نوٹس کا جواب تیار ہے اور وہ ایک دو روز میں اپنا جواب بھجوا دیں گے۔

سیاست میں ہیں تو عورت کارڈ نہ کھیلیں، چوہدری سالک حسین

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ردعمل پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ اپنے والد سے پوچھ لیں کہ چوہدری شجاعت حسین کس طرح کی شخصیت ہیں اور ان کا طرز عمل کیا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب وہ کوئی بات کرتے ہیں تو وزیراعلیٰ کی جانب سے دیگر شخصیات بھی ردعمل دینے آجاتی ہیں اور خواتین سے متعلق بات کرنے پر شرم دلانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ اگر آپ سیاست میں ہیں تو پھر عورت کارڈ استعمال نہ کریں۔ سیاست میں رہتے ہوئے ایسی باتیں کی جائیں گی تو ان کا جواب بھی ملے گا۔

چوہدری سالک حسین کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت حسین پر آج تک کرپشن کا کوئی الزام نہیں لگا، انہوں نے اپنی زندگی میں صرف عزت کمائی ہے۔ وزیراعلیٰ کو اپنے والد سے پوچھنا چاہیے کہ اگر کوئی شخص کسی معاملے کی نشاندہی کرے تو اس کا جواب کس انداز میں دیا جانا چاہیے۔

وزیراعلیٰ نے کرپشن کی ذمہ داری خود لے لی، وفاقی وزیر

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ان کی بات کو اپنے اوپر لے لیا، حالانکہ انہوں نے کسی ایک شخصیت کو نشانہ نہیں بنایا تھا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کسی بھی منصوبے یا پروجیکٹ میں کرپشن ہوئی تو وہ ذمہ دار ہوں گی، اس بیان کا کیا مطلب لیا جائے؟انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب آئے روز کرپشن کے خلاف کریک ڈاؤن کر رہی ہیں، لیکن ان کے بیان کے بعد کرپشن ختم ہونے کے بجائے مزید واضح ہو کر سامنے آئی ہے۔

وزارتوں کی تقسیم طے شدہ معاہدے کے تحت ہوئی

چوہدری سالک حسین نے کہا کہ انہوں نے کبھی انٹرویو دیتے وقت یہ نہیں پوچھا کہ ان سے کون سے سوالات کیے جائیں گے۔ اگر ان سے خیبر پختونخوا میں کرپشن کے حوالے سے سوال کیا جاتا تو وہ وہاں بھی کرپشن ہونے کی تصدیق کرتے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اتحادی حکومت ہے اور جب اتحاد قائم ہوا تھا تو اسی وقت طے کیا گیا تھا کہ کس جماعت کو کون سی وزارت دی جائے گی۔ اگر کسی کا خیال ہے کہ اب اتحادیوں کی ضرورت نہیں رہی تو اس کے ساتھ وزارتوں کی تقسیم کے وقت طے پانے والے معاملات بھی جڑے ہوئے ہیں۔

editor

Related Articles