فضل الرحمٰن کے صاحبزادے اسعد محمود کیخلاف غیر قانونی بھرتیوں کا بڑا اسکینڈل، کاغذی ڈرامہ رد، نیب کا پھر بلاوا آگیا

فضل الرحمٰن کے صاحبزادے اسعد محمود کیخلاف  غیر قانونی بھرتیوں کا بڑا اسکینڈل، کاغذی ڈرامہ رد، نیب کا پھر بلاوا آگیا

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے اور سابق وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔ قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان پوسٹ آفس ڈیپارٹمنٹ میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کی تحقیقات کے سلسلے میں اسعد محمود کو دوسرا طلبی نوٹس جاری کرتے ہوئے 13 نومبر 2026 کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کردی۔

آزاد ڈیجیٹل کو موصول ہونے والے نیب اسلام آباد/راولپنڈی کے نوٹس کے مطابق سابق وفاقی وزیر اسعد محمود کے دورِ وزارت میں سال 2022 اور 2023 کے دوران پاکستان پوسٹ آفس ڈیپارٹمنٹ میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے الزامات کی تحقیقات جاری ہیں۔

نیب کی جانب سے جاری دوسرے نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ اسعد محمود کو اس سے قبل 2 نومبر 2026 کو طلبی نوٹس جاری کیا گیا تھا، جس کے تحت انہیں 10 نومبر کو نیب کی کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔

تاہم نیب کے مطابق اسعد محمود ذاتی حیثیت میں پیش نہیں ہوئے اور ان کی جانب سے تحریری جواب موصول ہوا، جسے تحقیقاتی ادارے نے غیر تسلی بخش قرار دے دیا۔

نیب اسلام آباد/راولپنڈی نے تحریری جواب پر عدم اطمینان کے بعد اسعد محمود کو دوبارہ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وہ 13 نومبر 2026 کو صبح 11 بجے نیب کی کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم، انویسٹی گیشن ونگ ون، سوک سینٹر جی سکس اسلام آباد میں ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔

نوٹس کے مطابق اسعد محمود کو مبینہ غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق الزامات پر اپنا بیان ریکارڈ کرانے کے لیے بلایا گیا ہے۔

نیب نے دوسرے طلبی نوٹس میں واضح قانونی انتباہ بھی جاری کیا ہے کہ نوٹس کی عدم تعمیل کی صورت میں قومی احتساب آرڈیننس 1999 کی دفعہ 31 کے تحت قانونی کارروائی کے نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

نیب کا یہ نوٹس ڈپٹی ڈائریکٹر (کوآرڈینیشن) انویسٹی گیشن ونگ ون عبدالباسط کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔

دستاویز کے مطابق انکوائری قومی احتساب آرڈیننس 1999 کی متعلقہ دفعات کے تحت کی جا رہی ہے اور اس کا تعلق اسعد محمود کے دورِ وزارت میں پاکستان پوسٹ آفس ڈیپارٹمنٹ میں ہونے والی مبینہ غیر قانونی بھرتیوں سے ہے۔

Related Articles