پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں 22 ایرانی ملاحوں کو امریکی حراست سے رہا کر دیا گیا ہے جنہیں بعد ازاں پاکستانی حکام کے حوالے کیا گیا۔ سفارتی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ایرانی ملاحوں کو ایرانی سفارتی عملے کے سپرد کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق یہ ملاح اس وقت امریکی حکام کی تحویل میں آئے تھے جب امریکا نے بحرِ ہند میں موجود ایک آئل ٹینکر لینور کو تحویل میں لیا تھا۔ اس جہاز پر ایران کا 22 رکنی عملہ موجود تھا جسے بعد میں پاکستان کی سفارتی درخواست اور رابطوں کے نتیجے میں رہا کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی حکام نے ایرانی عملے کو پاکستان کے حوالے کیا جس کے بعد تمام ملاح کراچی پہنچے۔ پاکستانی حکام نے کراچی پورٹ پر ان کی حوالگی سے متعلق ضروری قانونی اور سفارتی مراحل مکمل کیے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق پاکستان نے انسانی اور سفارتی بنیادوں پر معاملے کو آگے بڑھایا اور تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ رابطہ کاری کے ذریعے ایرانی شہریوں کی رہائی کو ممکن بنایا۔ بعد ازاں 22 ایرانی ملاحوں کو ایرانی سفارتی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق رہائی پانے والے ملاحوں کو جلد ایران واپس روانہ کیا جائے گا۔ اس پیش رفت کو پاکستان کی فعال سفارت کاری اور خطے میں تعاون کی ایک اہم مثال قرار دیا جا رہا ہے۔