متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنما فاروق ستار نے ملک میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے متعلق عوامی رائے لینے کے لیے 2027 سے پہلے ریفرنڈم کرانے کا مطالبہ کردیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم 28ویں آئینی ترمیم کے بعد ریفرنڈم کے معاملے کو بھی جلد منطقی انجام تک پہنچائیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے سرکاری رہائشی کوارٹرز میں مقیم موجودہ اور ریٹائرڈ ملازمین کے مسائل بھی اٹھائے۔ ان کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان کے بعد جہانگیر روڈ، مارٹن کوارٹرز اور دیگر علاقوں میں سرکاری ملازمین کو رہائش فراہم کی گئی تھی، تاہم ریٹائرمنٹ کے بعد بھی بہت سے ملازمین ان کوارٹرز میں مقیم رہے اور اب انہیں بے دخلی سمیت مختلف مشکلات کا سامنا ہے۔
متاثرہ ملازمین کو متبادل رہائش فراہم کی جائے
فاروق ستار نے کہا کہ حکومت نے سرکاری کوارٹرز کے مکینوں کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، لیکن اگر انہیں موجودہ رہائش برقرار نہیں رکھی جا سکتی تو ایک مناسب رہائشی سوسائٹی قائم کرکے متبادل مکانات دیے جائیں۔ ان کے مطابق پانچ ہزار سے زائد ملازمین کا رہائشی مسئلہ تاحال حل طلب ہے۔
ایم کیو ایم رہنما نے مطالبہ کیا کہ سرکاری ملازمین کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہائشی حقوق دیے جائیں اور ان کے لیے مختص زمین واپس نہ لی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بیواؤں اور یتیم بچوں کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انتظامی یونٹس سے پہلے سرکاری کوارٹرز کا مسئلہ حل کرنے کا مطالبہ
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ سرکاری کوارٹرز میں رہنے والے افراد کو بے دخل نہیں ہونے دیں گے اور نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے پہلے ان ملازمین کے رہائشی مسائل کا مستقل حل نکالنا ہوگا۔
دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان نے ایک روز قبل وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے فوری استعفے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔ کراچی سے جاری بیان میں پارٹی ترجمان نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ صوبے کے انتظامی اور مالی معاملات چلانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔