پاکستانی نوجوانوں کو عالمی کاروباری منڈیوں تک رسائی دینے کا عزم، وزیراعظم کا اسٹارٹ اپس اور سرمایہ کاری کے فروغ پر زور

پاکستانی نوجوانوں کو عالمی کاروباری منڈیوں تک رسائی دینے کا عزم، وزیراعظم کا اسٹارٹ اپس اور سرمایہ کاری کے فروغ پر زور

اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے باصلاحیت نوجوانوں میں کاروباری صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں، حکومت نوجوانوں کو اپنے کاروبار شروع کرنے، انہیں وسعت دینے اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں اینڈیور گروپ کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں، اسٹارٹ اپس کے فروغ اور عالمی سرمایہ کاروں کے ساتھ روابط بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، جدت اور کاروباری سوچ پاکستان کی معاشی ترقی کے اہم محرکات ہیں۔ حکومت اس شعبے میں سرمایہ کاری اور نجی شعبے کے ساتھ اشتراک کو فروغ دے رہی ہے تاکہ نوجوانوں کو کاروبار کے بہتر مواقع میسر آ سکیں۔

وزیراعظم نے بتایا کہ حال ہی میں اسلام آباد میں انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح کیا گیا ہے، جہاں اسٹارٹ اپس کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ آئی ٹی پارک کو تعلیمی اداروں اور صنعت کے مؤثر اشتراک سے جدید آئی ٹی ایکو سسٹم کا مرکز بنایا جائے گا۔

شہباز شریف نے اینڈیور گروپ کے عالمی تجربے اور پاکستان میں کاروباری صلاحیتوں کے فروغ کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر کامیاب کاروباری اداروں کے تجربات سے فائدہ اٹھا کر پاکستانی اسٹارٹ اپس کو بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں۔

وزیراعظم نے اینڈیور گروپ پر زور دیا کہ وہ پاکستانی کاروباری افراد کی استعداد کار میں اضافے، عالمی سطح پر ان کی رہنمائی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے ساتھ روابط مضبوط بنانے میں اپنا کردار مزید مؤثر بنائے۔

ملاقات کے دوران وفد نے وزیراعظم کو اینڈیور گروپ کی عالمی سرگرمیوں اور پاکستان میں جاری آپریشنز سے متعلق بریفنگ دی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اینڈیور گروپ ایک فلاحی اور غیر منافع بخش ادارہ ہے جو دنیا بھر میں مؤثر کاروباری شخصیات کو پالیسی رہنمائی اور مشاورتی خدمات فراہم کرتا ہے۔

بریفنگ کے مطابق اینڈیور گروپ پاکستان میں 2022 سے سرگرم ہے اور گزشتہ چار برسوں کے دوران ایک جامع انتخابی عمل کے ذریعے 8 پاکستانی اسٹارٹ اپس کو منتخب کر کے انہیں رہنمائی اور معاونت فراہم کر چکا ہے۔

ملاقات میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔

Related Articles