9 مئی ریڈیو پاکستان حملہ کیس، فرار کی کوشش ناکام، تحریک انصاف کے تیمور جھگڑا، عرفان سلیم اور کامران بنگش گرفتار

9 مئی ریڈیو پاکستان حملہ کیس، فرار کی کوشش ناکام، تحریک انصاف کے تیمور جھگڑا، عرفان سلیم اور کامران بنگش گرفتار

پشاور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے تین اہم رہنماؤں تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم کو پشاور ہائیکورٹ سے عبوری ضمانت ملنے کے باوجود پولیس نے عدالت کے مرکزی گیٹ سے حراست میں لے لیا۔ تینوں رہنماؤں کی گرفتاری تھری ایم پی او کے تحت جاری احکامات کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی۔

ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان نے تینوں رہنماؤں کو حراست میں لینے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس کے پاس ان کی حراست سے متعلق تھری ایم پی او کے احکامات موجود ہیں۔

اس سے قبل پشاور ہائیکورٹ نے ریڈیو پاکستان پشاور حملہ کیس میں نامزد سابق صوبائی وزراء تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور پی ٹی آئی رہنما عرفان سلیم کی عبوری ضمانت 23 نومبر تک منظور کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس مقدمے میں ان کی گرفتاری سے روک دیا تھا۔

عدالت نے تینوں رہنماؤں کو مجموعی طور پر 20 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے اور دو مقامی ضامن جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 23 نومبر تک ملتوی کر دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ایک چیز نے تحریک انصاف کو ایکسپوز کردیا ،یہ صرف ایک ڈھیل یا ڈیل کی مار ہیں ،ایک این آر او کی تلاش میں ہیں، غریدہ فاروقی

قبل ازیں انسدادِ دہشت گردی عدالت نے تینوں رہنماؤں کی عبوری ضمانت کی درخواستیں خارج کر دی تھیں، جس کے بعد پولیس نے احاطہ عدالت میں انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کی، تاہم موقع پر موجود انصاف لائرز فورم کے وکلاء نے مداخلت کرتے ہوئے گرفتاری کی کوشش ناکام بنا دی تھی۔

عدالتی کارروائی کے دوران ریڈیو پاکستان کے وکیل شبیر حسین گیگیانی نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان کے خلاف سوشل میڈیا ویڈیوز، پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی اور نادرا کی تصدیقی رپورٹس سمیت شواہد موجود ہیں، جن میں مبینہ طور پر ملزمان کو کارکنوں کو اشتعال دلاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

سماعت کے دوران 9 مئی کے واقعات سے متعلق ویڈیوز بھی عدالت میں چلائی گئیں، جن کا جائزہ لینے کے بعد عدالت نے ریمارکس دیے کہ ویڈیوز میں ایسا کچھ نظر نہیں آیا۔ تاہم ریڈیو پاکستان کے وکیل نے مؤقف برقرار رکھا کہ مقدمہ صرف توڑ پھوڑ کا نہیں بلکہ کارکنوں کو اکسانے اور اشتعال دلانے سے بھی متعلق ہے۔

پشاور ہائیکورٹ سے عبوری ضمانت کی منظوری کے بعد تینوں رہنماؤں کو عدالت کے مرکزی دروازے سے تھری ایم پی او کے تحت حراست میں لے لیا گیا۔

Related Articles