دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی بولرز کا راج، سری لنکا 98 رنز پر ڈھیر، قومی ٹیم نے برتری حاصل کر لی

دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی بولرز کا راج، سری لنکا 98 رنز پر ڈھیر، قومی ٹیم نے برتری حاصل کر لی

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے روز قومی ٹیم نے شاندار بولنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی برتری حاصل کر لی۔ سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں صرف 98 رنز پر ڈھیر ہو گئی جبکہ پاکستان نے دن کے اختتام تک 3 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنا کر 23 رنز کی برتری حاصل کر لی۔

پہلے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان کی جانب سے اذان اویس 47 اور ثاقب خان 2 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے جبکہ طیب عارف 46، محمد طہٰ اور بابر اعظم 8، 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس سے قبل سری لنکا کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 35.3 اوورز کے دوران محض 98 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ کھانے کے وقفے تک سری لنکا نے 29 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 85 رنز بنائے تھے۔

وقفے کے بعد سری لنکن بیٹنگ لائن مزید مشکلات کا شکار ہو گئی۔ رضا اللہ نے بغیر کسی اضافے کے ایک اور کھلاڑی کو آؤٹ کر کے سری لنکا کی ساتویں وکٹ بھی 85 رنز پر گرا دی۔

سری لنکا کی آٹھویں وکٹ 97 رنز کے مجموعی اسکور پر محمد عباس نے حاصل کی جبکہ اسی اسکور پر عامر جمال نے مزید ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ بعد ازاں عامر جمال نے 98 رنز پر آخری وکٹ حاصل کر کے سری لنکن اننگز کا خاتمہ کر دیا۔

پاکستان کی جانب سے عامر جمال، محمد عباس اور رضا اللہ نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ثاقب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پہلے روز کے اختتام پر پاکستان کو سری لنکا کے خلاف پہلی اننگز میں 23 رنز کی برتری حاصل ہے جبکہ قومی ٹیم کی 7 وکٹیں باقی ہیں۔

Related Articles