ادویات کی تیاری اور فروخت کا نظام تبدیل، ڈریپ نے بارکوڈنگ اور سیریلائزیشن لازمی قرار دے دی

ادویات کی تیاری اور فروخت کا نظام تبدیل، ڈریپ نے بارکوڈنگ اور سیریلائزیشن لازمی قرار دے دی

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے ادویات کی بارکوڈنگ اور سیریلائزیشن سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے 9 اکتوبر 2026 سے نئے ضوابط کا نفاذ کر دیا ہے، جس کے تحت اس تاریخ کے بعد تیار ہونے والی تمام ادویات پر 2D بارکوڈنگ لازمی قرار دے دی گئی ہے جبکہ خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ڈریپ کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق تمام مقامی ادویات ساز کمپنیوں اور درآمد کنندگان کو نئے ضوابط پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔ نئے نظام کے تحت ادویات کی پیکنگ پر تیاری کی تاریخ، تاریخِ تنسیخ، بیچ نمبر، قیمت اور سیریل نمبر درج کرنا لازمی ہوگا۔

ڈریپ نے واضح کیا ہے کہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم میں جمع کرایا جانے والا ڈیٹا ادویات کی اصل پیکنگ پر موجود معلومات کے عین مطابق ہونا چاہیے۔ ڈیجیٹل ریکارڈ یا پیکنگ پر درج معلومات کی غلط رپورٹنگ کو ضوابط کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔

نئے ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے ڈریپ کے انسپکٹرز ادویات ساز فیکٹریوں، درآمد کنندگان اور سپلائی چین کے مراکز کا باقاعدہ معائنہ کریں گے۔ معائنے کے دوران ادویات کے مختلف بیچز اور ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم میں جمع کرائے گئے ڈیٹا کی تصدیق کی جائے گی۔

ڈریپ کے مطابق بارکوڈنگ اور سیریلائزیشن کے ضوابط کی خلاف ورزی، غلط ڈیٹا جمع کرانے یا معلومات میں ردوبدل کی صورت میں متعلقہ کمپنیوں کے خلاف ڈریپ ایکٹ اور ڈرگز ایکٹ کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

تاہم ڈریپ نے واضح کیا ہے کہ 9 اکتوبر 2026 سے پہلے تیار ہونے والی ادویات کا موجودہ اسٹاک نئے ضوابط سے مستثنیٰ ہوگا اور اسے ختم ہونے تک فروخت کرنے کی اجازت ہوگی۔

Related Articles