پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے دورانِ پرواز سیٹلائٹ کے ذریعے انٹرنیٹ اور ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کی فراہمی کے لیے لائسنسنگ فریم ورک کو حتمی شکل دے دی، جس کے بعد فضائی سفر کے دوران مسافروں کو بلاتعطل انٹرنیٹ اور جدید مواصلاتی سہولیات فراہم کرنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق نئے لائسنسنگ فریم ورک کے تحت لائسنس یافتہ کمپنیاں پاکستان اسپیس ایکٹیویٹیز ریگولیٹری بورڈ (پی ایس اے آر بی) سے رجسٹرڈ سیٹلائٹس استعمال کر سکیں گی جبکہ پاکستان میں رجسٹرڈ طیاروں کو سیٹلائٹ کے ذریعے ٹیلی کمیونیکیشن سروسز فراہم کرنے کی اجازت ہوگی۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ پاکستانی فضائی حدود سے گزرنے والے ٹرانزٹ طیاروں کو ان سہولیات کی فراہمی کے لیے پی ٹی اے سے این او سی حاصل کرنا لازمی ہوگا۔
پی ٹی اے کے مطابق دورانِ پرواز ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کے آغاز سے فضائی مسافروں کو بلاتعطل انٹرنیٹ کی سہولت میسر آ سکے گی، جس کے ذریعے وہ سفر کے دوران مختلف آن لائن خدمات سے استفادہ کر سکیں گے۔
مسافر دورانِ پرواز ڈیجیٹل خدمات، تفریحی مواد، ذاتی رابطوں اور پیشہ ورانہ امور سے متعلق آن لائن سہولیات استعمال کر سکیں گے، جس سے فضائی سفر کے دوران مواصلاتی رابطوں میں بہتری آئے گی۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ سیٹلائٹ کے ذریعے دورانِ پرواز ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کی فراہمی کے لیے تیار کردہ یہ فریم ورک ملک میں ڈیجیٹل رابطوں کے فروغ اور جدید مواصلاتی سہولیات کی دستیابی کے لیے جاری کوششوں کا تسلسل ہے۔
