اسلام آباد میں تمام گاڑیوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار

اسلام آباد میں تمام گاڑیوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو اسموگ اور فضائی آلودگی سے پاک کرنے کے لیے تمام گاڑیوں کا فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا گیا، جبکہ ٹرانسپورٹرز کو 30 نومبر 2026 تک گاڑیوں کو دھوئیں سے پاک بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ مقررہ تاریخ کے بعد زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) اسلام آباد کائنات اظہر خان کی زیر صدارت گڈز ٹرانسپورٹ یونین اور چیمبر آف کامرس کے نمائندوں کا اہم اجلاس ہوا، جس میں گاڑیوں کے فٹنس معیار، اسموگ کی روک تھام اور فضائی آلودگی میں کمی کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران سی ٹی او کائنات اظہر خان نے ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی کہ وہ 30 نومبر تک اپنی گاڑیوں کو دھوئیں سے پاک بنائیں، بصورت دیگر مقررہ ڈیڈ لائن کے بعد خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کا باعث بنتی ہیں بلکہ شہریوں کی صحت کے لیے بھی سنگین خطرات پیدا کرتی ہیں۔

اجلاس میں ریت، بجری اور سیمنٹ لے جانے والی گاڑیوں کے لیے سامان کو ترپال سے ڈھانپنا بھی لازمی قرار دیا گیا تاکہ سڑکوں پر گردوغبار اور تعمیراتی مواد پھیلنے سے روکا جا سکے۔ ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف بھی مقررہ مدت کے بعد کارروائی کی جائے گی۔

سی ٹی او اسلام آباد نے کہا کہ زائد وزن لے جانے والی گاڑیوں کے خلاف پہلے ہی بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔

اجلاس میں گڈز ٹرانسپورٹ یونین کے نمائندوں نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کو فضائی آلودگی اور اسموگ کی روک تھام کے اقدامات پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

کائنات اظہر خان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کو اسموگ سے پاک بنانا اہم ترجیح ہے، جبکہ انسانی جانوں کا تحفظ اور شہریوں کی صحت یقینی بنانا اسلام آباد ٹریفک پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

Related Articles