پاکستان کی درآمدات میں چین کی بالادستی برقرار ہے، اکتوبر 2026 کے دوران چین سے درآمدات کی مد میں ادائیگیوں میں سالانہ بنیادوں پر 22.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد مجموعی ادائیگیاں ایک ارب 87 کروڑ ڈالر کے قریب پہنچ گئیں۔ دوسری جانب سنگاپور، ملائیشیا اور برازیل سے درآمدات میں بھی نمایاں اضافہ سامنے آیا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے 17 نومبر کو جاری کردہ تازہ اعدادوشمار کے مطابق اکتوبر 2026 میں چین سے درآمدات کی مد میں ایک ارب 86 کروڑ 62 لاکھ ڈالر سے زائد کی ادائیگیاں کی گئیں، جبکہ اکتوبر 2025 میں یہ رقم ایک ارب 52 کروڑ 72 لاکھ ڈالر تھی۔ اس طرح چین پاکستان کا سب سے بڑا درآمدی شراکت دار برقرار رہا۔
اعدادوشمار کے مطابق متحدہ عرب امارات کا دبئی خطہ دوسرے نمبر پر رہا، جہاں سے درآمدات کی ادائیگیوں میں سالانہ بنیادوں پر 10.8 فیصد کمی ہوئی اور یہ رقم 57 کروڑ 86 لاکھ ڈالر رہی، جو گزشتہ سال اسی عرصے میں 64 کروڑ 88 لاکھ ڈالر تھی۔
سنگاپور تیسرے نمبر پر رہا، جہاں سے درآمدات کی ادائیگیاں 114.2 فیصد اضافے کے ساتھ 33 کروڑ 31 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں۔ انڈونیشیا سے درآمدات 5.1 فیصد کمی کے ساتھ 29 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہیں۔
اسی طرح سعودی عرب سے درآمدات کی ادائیگیوں میں 18.8 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور یہ 27 کروڑ 94 لاکھ ڈالر رہیں، جبکہ امریکا سے درآمدات 38.4 فیصد اضافے کے ساتھ 26 کروڑ 35 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق ملائیشیا سے درآمدات میں 137.1 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا اور ادائیگیاں گزشتہ سال کے 9 کروڑ 21 لاکھ ڈالر سے بڑھ کر 21 کروڑ 84 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں۔
برازیل سے درآمدات میں 198.1 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور ادائیگیاں 17 کروڑ 12 لاکھ ڈالر رہیں، جبکہ جاپان سے درآمدات 9.9 فیصد اضافے کے ساتھ 16 کروڑ 9 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں۔
عمان سے درآمدات 14.5 فیصد بڑھ کر 11 کروڑ 36 لاکھ ڈالر رہیں، جبکہ ابوظبی سے درآمدات کی ادائیگیوں میں 42.9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور یہ 8 کروڑ 4 لاکھ ڈالر تک محدود رہیں۔
ماہانہ بنیادوں پر چین سے درآمدات میں 7.4 فیصد کمی ہوئی، جبکہ دبئی سے درآمدات کی ادائیگیوں میں 31.7 فیصد اضافہ ہوا۔ سنگاپور سے درآمدات 5.7 فیصد بڑھیں، جبکہ انڈونیشیا سے 9.1 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
امریکا سے درآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 52.8 فیصد کا سب سے نمایاں اضافہ ہوا، جبکہ سعودی عرب سے درآمدات 24 فیصد بڑھیں۔ اس کے برعکس عمان سے درآمدات میں 68.2 فیصد اور ابوظبی سے 72.4 فیصد کمی ہوئی۔
رواں مالی سال 2026-27 کے پہلے چار ماہ، جولائی سے اکتوبر کے دوران بھی چین پاکستان کا سب سے بڑا درآمدی شراکت دار رہا۔ اس عرصے میں چین سے درآمدات کی مجموعی ادائیگیاں 20.3 فیصد اضافے کے ساتھ 7 ارب 68 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ رقم 6 ارب 38 کروڑ ڈالر تھی۔
چار ماہ کے دوران دبئی سے درآمدات کی ادائیگیاں 4.5 فیصد کمی کے ساتھ 2 ارب 14 کروڑ ڈالر رہیں، جبکہ سنگاپور سے درآمدات 83.6 فیصد اضافے کے ساتھ ایک ارب 35 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں۔
اسی عرصے میں انڈونیشیا سے درآمدات 4.2 فیصد اضافے کے ساتھ ایک ارب 18 کروڑ ڈالر رہیں، جبکہ سعودی عرب سے درآمدات 18.6 فیصد کمی کے ساتھ تقریباً ایک ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔
امریکا سے درآمدات کی ادائیگیاں 43.3 فیصد اضافے کے ساتھ 92 کروڑ 28 لاکھ ڈالر، عمان سے 78.6 فیصد اضافے کے ساتھ 78 کروڑ 3 لاکھ ڈالر جبکہ برازیل سے 107.3 فیصد اضافے کے ساتھ 75 کروڑ 95 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں۔
ملائیشیا سے درآمدات میں 65.2 فیصد اضافہ ہوا اور ادائیگیاں 59 کروڑ 82 لاکھ ڈالر رہیں، جبکہ جاپان سے درآمدات 6.5 فیصد اضافے کے ساتھ 59 کروڑ 6 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔ ابوظبی سے درآمدات کی ادائیگیوں میں 18.4 فیصد کمی ہوئی اور یہ 54 کروڑ 44 لاکھ ڈالر رہیں۔