ملک بھر میں مسلسل پانچ روز تک قیمتوں میں کمی کے بعد سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے جبکہ عالمی منڈی میں بھی سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی مرتب ہوئے۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 9 ہزار 100 روپے کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 28 ہزار 736 روپے تک پہنچ گیا۔
اسی طرح 24 قیراط 10 گرام سونے کی قیمت میں 7 ہزار 802 روپے اضافہ ہوا جس کے بعد اس کی نئی قیمت 3 لاکھ 67 ہزار 572 روپے ہو گئی۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ فی تولہ چاندی 203 روپے مہنگی ہو کر 6 ہزار 445 روپے کی سطح پر پہنچ گئی، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت میں بھی اسی تناسب سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں نمایاں ریکوری دیکھنے میں آئی جہاں فی اونس سونا 91 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 63 ڈالر تک پہنچ گیا۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتوں میں اس اضافے کے باعث مقامی صرافہ بازاروں میں بھی سونے کے نرخ بڑھ گئے۔
عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال سرمایہ کاروں کا محفوظ سرمایہ کاری کی جانب بڑھتا رجحان امریکی ڈالر کی نقل و حرکت اور بین الاقوامی مالیاتی حالات سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر عالمی مارکیٹ میں یہی رجحان برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں پاکستان میں بھی سونے کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔