ایران کا جوابی وار ، امریکی ڈرون مار گرانے کا دعوی

ایران کا جوابی وار ، امریکی ڈرون مار گرانے کا دعوی

یران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبہ خوزستان میں امریکی جاسوسی ڈرون کو مار گرایا گیا ہے، جبکہ ایران کی جانب سے قطر میں واقع امریکی العدید ایئر بیس کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ بھی سامنے آیا ہے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی ساختہ آر کیو-11 راوین ڈرون خوزستان کے شہر رامشیر کے قریب ایرانی فضائی حدود کے نزدیک پرواز کر رہا تھا جسے بسیج فورس کے اہلکاروں نے فائرنگ کرکے مار گرایا۔

ایرانی حکام کے مطابق امریکی ڈرون ایرانی علاقے میں نگرانی اور انٹیلی جنس معلومات جمع کرنے کی سرگرمیوں میں مصروف تھا تاہم واقعے سے متعلق مزید تفصیلات یا ڈرون کے ملبے کی تصاویر جاری نہیں کی گئیں۔

 یہ بھی پڑھیں :امریکی فوج کے ایران پر مسلسل ساتویں روز حملے ، مختلف اہداف کو نشانہ بنایا

آر کیو-11 راوین ایک چھوٹا بغیر پائلٹ جاسوسی طیارہ ہے جو امریکی فوج مختصر فاصلے کی نگرانی اور معلومات اکٹھی کرنے کے لیے استعمال کرتی ہے۔

دوسری جانب ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ قطر میں واقع امریکی العدید ایئر بیس کو بھی نشانہ بنایا گیا تاہم قطر اور امریکا کی جانب سے تاحال اس دعوے کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔

العدید ایئر بیس دوحہ کے قریب واقع امریکا کا خطے میں سب سے بڑا فوجی اڈہ ہے جہاں عموماً ہزاروں امریکی فوجی اہلکار تعینات رہتے ہیں۔ یہ اڈہ امریکی سینٹرل کمانڈ کے فارورڈ ہیڈکوارٹر کے طور پر بھی استعمال ہوتا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :ایران کا امریکہ اور اسرائیلی اہداف پر بڑا حملہ، اہم کمانڈرز کے ٹھکانے تباہ کرنے کا دعویٰ

رپورٹس کے مطابق قطر مسلسل یہ مؤقف اختیار کرتا رہا ہے کہ العدید ایئر بیس کو ایران کے خلاف کسی بھی امریکی فوجی کارروائی کے لیے استعمال نہیں کیا گیا۔

یہ واقعات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ خطے کی صورتحال پر عالمی برادری کی نظریں مرکوز ہیں، جبکہ دونوں ممالک کی جانب سے آنے والے بیانات اور اقدامات کو قریب سے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔

editor

Related Articles