جرمنی میں ڈاکٹروں کی کمی، غیر ملکیوں کے لیے ملازمت کے مواقع بڑھ گئے

جرمنی میں ڈاکٹروں کی کمی، غیر ملکیوں کے لیے ملازمت کے مواقع بڑھ گئے

جرمنی میں طبی شعبے کو ان دنوں ڈاکٹروں کی کمی کا سامنا ہے جس کی بڑی وجوہات میں بڑھتی ہوئی عمر رسیدہ آبادی اور بڑی تعداد میں طبی عملے کی ریٹائرمنٹ شامل ہیں۔ اس صورتحال کے باعث غیر ملکی ڈاکٹروں کے لیے جرمنی میں ملازمت کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔

بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق جرمنی میں ڈاکٹروں کی کمی خاص طور پر دیہی علاقوں، جنرل میڈیسن، ایمرجنسی سروسز اور علاقائی اسپتالوں میں زیادہ محسوس کی جا رہی ہے جہاں غیر ملکی طبی ماہرین کے لیے روزگار اور تربیت کے امکانات موجود ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں :جرمنی میں روزگار کے خواہشمند افراد کے لیے خوشخبری 

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جرمنی میں اس وقت تقریباً 4 لاکھ 37 ہزار ڈاکٹر خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ صحت کے شعبے سے وابستہ افراد کی مجموعی تعداد 61 لاکھ سے زائد ہے۔ تاہم آنے والے برسوں میں ریٹائر ہونے والے ڈاکٹروں اور آبادی کی بڑھتی عمر کے باعث مزید طبی ماہرین کی ضرورت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

جرمنی میں غیر ملکی ڈاکٹروں کے لیے یونیورسٹی اسپتالوں، خصوصی طبی مراکز، علاقائی ہسپتالوں، بحالی مراکز، بزرگوں کی نگہداشت اور ہوم کیئر سمیت مختلف شعبوں میں ملازمت کے مواقع دستیاب ہیں۔ حکام کے مطابق مشرقی جرمنی اور دیہی علاقوں میں جنرل فزیشنز اور فیملی ڈاکٹروں کی کمی زیادہ ہے، جہاں غیر ملکی ڈاکٹروں کو بہتر مواقع مل سکتے ہیں۔

طبی خدمات کے علاوہ تحقیق، تدریس، پبلک ہیلتھ، ہیلتھ انشورنس، فارماسیوٹیکل اور میڈیکل ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بھی ڈاکٹروں کے لیے کیریئر کے امکانات موجود ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں :بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیےبڑی خوشخبری

جرمنی میں طب کا شعبہ سخت قوانین کے تحت کام کرتا ہے، اس لیے غیر ملکی ڈاکٹروں کو سب سے پہلے اپنی میڈیکل ڈگری کی جرمن معیار کے مطابق منظوری حاصل کرنا ضروری ہوتی ہے۔ ڈگری کی منظوری کے بعد ڈاکٹر کو “اپروبیشن” کے نام سے مستقل لائسنس جاری کیا جاتا ہے، جبکہ اگر تعلیمی قابلیت مکمل طور پر مساوی نہ ہو تو عارضی اجازت نامہ “بیروفس ایرلابنس” کے ذریعے دیا جا سکتا ہے، جس کے تحت اضافی امتحانات یا تربیت مکمل کرنا ہوتی ہے۔

editor

Related Articles