حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا

حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا

پیٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کرکے نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا ہے ،پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 93 پیسے اضافہ کیا گیا ہے پیٹرول کی نئی قیمت 320 روپے 73 پیسے ہوگئی ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 15 پیسے اضافہ کیا گیا ہے،ڈیزل کی نئی قیمت 367 روپے 21 پیسے ہوگئی ہے۔

 پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ ردوبدل عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں، روپے کی قدر اور دیگر عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہےنئی قیمتیں مقرر ہونے کے بعد شہریوں کا کہنا ہے کہ ایندھن مہنگا ہونے سے نہ صرف سفری اخراجات بڑھیں گے بلکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔ پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے کل رات 12تک ہوگا۔

ادھرپیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے یومیہ تعین کے حکومتی فیصلے پر وفاقی دارالحکومت میں اہم سرگرمیاں جاری ہیں، تاہم حکومت اور پیٹرولیم ڈیلرز کے درمیان مذاکرات میں اب تک کوئی حتمی پیش رفت نہیں ہو سکی۔

یہ بھی پڑھیں :پیٹرول پمپ مالکان کا قیمتوں کے طریقہ کار پر ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان

وزیر پیٹرولیم علی پرویز کی کراچی اور لاہور کے پیٹرولیم ڈیلرز نمائندوں سے متعدد ملاقاتوں کے باوجود ڈیلرز کو پیٹرولیم مصنوعات کی روزانہ قیمتوں کے تعین کے نئے نظام پر قائل نہیں کیا جا سکا۔

 میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر پیٹرولیم علی پرویز کے بعد پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے) کے وفد نے چیئرمین اوگرا اور سیکریٹری پیٹرولیم سے بھی ملاقاتیں کیں۔

پی پی ڈی اے وفد اور چیئرمین اوگرا کے درمیان ملاقات تقریباً ڈھائی گھنٹے جاری رہی، جس میں ڈیلرز نمائندوں نے قیمتوں کے روزانہ تعین کے طریقہ کار پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

آل پاکستان پٹرول پمپس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری نعمان علی بٹ نے ویڈیو بیان میں کہا کہ وزارت پیٹرولیم کے ساتھ مذاکرات ناکام ہو گئے ہیں،انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی اور حکومت کے مجوزہ ڈیلی پرائس میکنزم کو مسترد کرتے ہیں۔

ملک گیر ہڑتال کا اعلان

نعمان علی بٹ نے اعلان کیا کہ مذاکرات ناکام ہونے کے بعد کل رات 12 بجے سے ملک بھر میں پیٹرول پمپس غیر معینہ مدت کے لیے بند رہیں گے۔

حکومت کا نیا پرائسنگ میکنزم کیا ہے؟

واضح رہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کے لیے نئے پرائسنگ میکنزم کا فیصلہ کیا تھا، جس کے تحت اوگرا اب پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی ایکس ڈپو قیمتیں روزانہ جاری کرے گا۔

نئے طریقہ کار کے مطابق قیمتوں کا تعین گزشتہ سات روز کی اوسط عالمی قیمتوں کی بنیاد پر کیا جائے گا، جبکہ ہفتہ اور اتوار کو پہلے سے جاری قیمتیں برقرار رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

editor

Related Articles