میرپور ڈویژن میں پولنگ جاری ، عوام نے احتجاج کے بجائے ووٹ کی طاقت پر اعتماد کا اظہار کردیا

میرپور ڈویژن میں پولنگ جاری ، عوام  نے احتجاج کے بجائے ووٹ کی طاقت پر اعتماد کا اظہار کردیا

میرپور ڈویژن کے عوام نے انتشار اور احتجاج کا راستہ اختیار کرنے کے بجائے اپنے آئینی، قانونی اور جمہوری حقِ رائے دہی کے استعمال کو ترجیح دیتے ہوئے ووٹ کے ذریعے فیصلہ کرنے کا انتخاب کیا ہے۔

آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات کا پہلا مرحلہ شروع ہو گیا ہے، جس کے تحت میرپور ڈویژن کے تین اضلاع میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے 13 انتخابی حلقوں میں پولنگ کا عمل جاری ہے، جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔

عوام نے عوامی ایکشن کمیٹی کی گزشتہ تین کالز کے بعد 27 جولائی کی کال کو بھی مسترد کرتے ہوئے انتخابی عمل میں بھرپور شرکت کا فیصلہ کیا،  آج 27 جولائی کو میرپور ڈویژن بھر میں پولنگ کا عمل پرامن ماحول میں جاری ہے۔

صبح آٹھ بجے پولنگ شروع ہوتے ہی شہری بڑی تعداد میں پولنگ اسٹیشنز پہنچنا شروع ہوگئے اور جوش و خروش کے ساتھ اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں ، مجموعی طور پر عوامی رجحان اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ شہری اپنے فیصلے جمہوری اور آئینی طریقۂ کار کے تحت ووٹ کے ذریعے کرنا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :آزاد کشمیر انتخابات، میرپور ڈویژن میں دنگل سج گیا، 296 امیدوار مد مقابل، پولنگ جاری

الیکشن کمیشن کے مطابق میرپور ڈویژن بھر میں مجموعی طور پر 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ ضلع میرپور کے 4 حلقوں میں 597، ضلع کوٹلی کے 6 حلقوں میں 1,107 جبکہ ضلع بھمبر کے 3 حلقوں میں 608 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں تاکہ ووٹرز کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انتخابی میدان میں پیپلزپارٹی، مسلم لیگ (ن)، استحکام پاکستان پارٹی، جماعت اسلامی، مسلم کانفرنس اور دیگر سیاسی جماعتوں کے علاوہ آزاد امیدواروں سمیت کل 296 امیدوار قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔

ان حلقوں میں 14 لاکھ سے زیادہ رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کے اہل ہیں، جن میں مردوں کے ساتھ خواتین ووٹرز کی تعداد بھی خاصی نمایاں ہے۔

editor

Related Articles