عالمی منڈی میں سونے کی بڑی چھلانگ، قیمت 4,100 ڈالر سے تجاوز

عالمی منڈی میں سونے کی بڑی چھلانگ،  قیمت 4,100 ڈالر سے تجاوز

امریکا اور ایران کے درمیان گزشتہ دو ہفتوں سے جاری فوجی کشیدگی میں ہفتے کے اختتام پر آنے والی وقتی نرمی کے باوجود عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سرمایہ کاروں نے غیر یقینی عالمی صورتحال کے پیش نظر محفوظ سرمایہ کاری (Safe Haven) کے طور پر سونے کو ترجیح دیہ

غیر ملکی خبر رساں ادارے بلومبرگ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں ایک موقع پر سونے کی قیمت میں 1.6 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا جس کے بعد فی اونس سونے کی قیمت 4,100 ڈالر سے تجاوز کر گئی۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتے بھی عالمی منڈی میں سونے کی قیمت تقریباً ایک فیصد بڑھی تھی جس سے واضح ہوتا ہے کہ قیمتی دھات کی طلب مسلسل مضبوط ہو رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکا نے ایران کے خلاف تقریباً دو ہفتوں سے جاری فوجی کارروائیوں کا سلسلہ کسی باضابطہ اعلان کے بغیر روک دیا ہے جبکہ ایران کی جانب سے بھی فوری جوابی کارروائی نہ کرنے کے اشارے سامنے آئے ہیں۔ اس پیش رفت کو خطے میں کشیدگی میں عارضی کمی کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

ادھر ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز سے بحری آمدورفت اور تیل کی ترسیل سے متعلق اہم مذاکرات بھی ہوئے ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق ان مذاکرات سے عالمی منڈی میں تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات کسی حد تک کم ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں توانائی کی قیمتوں اور مہنگائی سے متعلق خدشات میں بھی وقتی کمی آئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد، راولپنڈی، چکوال اور جہلم سمیت مختلف علاقوں میں بجلی کی ہنگامی بندش ، شیڈول جاری

مالیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ فوجی کشیدگی میں وقتی کمی آئی ہے تاہم مشرقِ وسطیٰ کی مجموعی صورتحال اب بھی غیر یقینی ہے۔ اسی غیر یقینی ماحول کے باعث سرمایہ کار خطرات سے بچنے کے لیے سونے میں سرمایہ کاری بڑھا رہے ہیں، کیونکہ عالمی سطح پر سونے کو ہمیشہ محفوظ اثاثہ تصور کیا جاتا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق امریکی مرکزی بینک (فیڈرل ریزرو) کی آئندہ مالیاتی پالیسی عالمی شرح سود، ڈالر کی قدر اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال آئندہ چند ہفتوں میں سونے کی قیمتوں کے رجحان کا تعین کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ اگر جغرافیائی یا معاشی غیر یقینی صورتحال برقرار رہی تو سونے کی قیمتوں میں مزید اضافہ بھی دیکھنے کو مل سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرول کی قیمتوں کا نیا فارمولا کیا ہوگا ؟ آج اہم مذاکرات

 عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں ہونے والا یہ اضافہ پاکستان سمیت دیگر ممالک کی مقامی صرافہ مارکیٹوں پر بھی اثر انداز ہو سکتا ہے جہاں عالمی نرخ ڈالر کی قدر اور مقامی طلب کے مطابق سونے کی قیمتوں میں ردوبدل متوقع ہے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles