تیز گام ایکسپریس کی بوگی حیدرآباد کے قریب پٹری سے اتر گئی، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

تیز گام ایکسپریس کی بوگی حیدرآباد کے قریب پٹری سے اتر گئی، کوئی  جانی نقصان نہیں ہوا

کراچی سے پنجاب جانے والی 7 اپ تیز گام ایکسپریس حیدرآباد کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی، جہاں ٹرین کی ایک بوگی پٹری سے اتر گئی۔ ریلوے حکام کے مطابق حادثے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

ریلوے ذرائع کے مطابق تیز گام ایکسپریس کوٹری پل عبور کرنے کے بعد جیسے ہی حیدرآباد کی حدود میں داخل ہوئی تو انجن کے ساتھ آگے کی جانب موجود ایک بوگی اچانک ڈی ریل ہو گئی۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں کوئی مسافر زخمی یا جاں بحق نہیں ہوا۔ واقعے کے فوری بعد ریلوے کا تکنیکی عملہ جائے حادثہ پر پہنچ گیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔

یہ بھی پڑھیں: وہ ریلوے اسٹیشن جو ایک طالبہ کے لیے کھلا رکھا گیا؟ حقیقت کیا ہے؟

حکام کے مطابق بحالی کے کام کو تیز کرنے کے لیے انجن کو متاثرہ بوگی سے الگ کر دیا گیا ہے، جبکہ ڈی ریل ہونے والی بوگی کو دوبارہ پٹری پر لانے کے لیے آپریشن جاری ہے۔

حادثے کے باعث اپ ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت عارضی طور پر متاثر ہوئی ہے، جبکہ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ بحالی کا کام مکمل ہونے کے بعد ٹرین آپریشن معمول کے مطابق بحال کر دیا جائے گا۔

Related Articles