پیٹرول کی قیمت میں کمی، ڈیزل مہنگا کردیا گیا

پیٹرول کی قیمت میں کمی، ڈیزل مہنگا کردیا گیا

وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر رد و بدل کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں معمولی کمی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کر دیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن نے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے تحت نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 75 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 24 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں اور دیگر متعلقہ عوامل کا جائزہ لینے کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان،پیٹرول ایک روپیہ سستا، ڈیزل تین روپے 37 پیسےمہنگا

ایک روز قبل حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 63 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 55 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا، جس کے بعد پیٹرول 335 روپے 81 پیسے اور ڈیزل 388 روپے 38 پیسے فی لیٹر پر پہنچ گیا تھا۔

یاد رہے کہ 17 جولائی کو وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اعلان کیا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین اب روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا اور اوگرا روزانہ قیمتوں کا جائزہ لے کر اپنی ویب سائٹ پر جاری کرے گا۔

اسی روز حکومت نے پیٹرول 5 روپے 44 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا، جس کے بعد ڈیزل کی قیمت 354 روپے 35 پیسے تک پہنچ گئی۔

20 جولائی کو پیٹرول میں 35 پیسے فی لیٹر کمی کر کے معمولی ریلیف دیا گیا، تاہم اسی روز ہائی اسپیڈ ڈیزل 5 روپے 71 پیسے مزید مہنگا کر دیا گیا۔

Related Articles