وزیراعظم کا بجلی چوری کے مکمل خاتمے کا حکم، ملک بھر میں اسمارٹ میٹرز کی تنصیب ناگزیر قرار

وزیراعظم کا بجلی چوری کے مکمل خاتمے کا حکم، ملک بھر میں اسمارٹ میٹرز کی تنصیب ناگزیر قرار

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاور سیکٹر میں اصلاحات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور بجلی چوری کے مکمل خاتمے، تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی بہتر بنانے اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے ہر سطح پر مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت پاور ڈویژن کے امور سے متعلق جائزہ اجلاس میں بجلی کے شعبے میں جاری اصلاحات، تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے وزیر توانائی سردار اویس لغاری، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، سیکرٹری پاور ڈویژن فخر عالم اور پاور سیکٹر ٹاسک فورس کی اصلاحاتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شعبے میں مزید بہتری کے لیے تیز رفتار اقدامات کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں :بجلی کے اسمارٹ میٹرز لگوانے والے صارفین کے لیے خوشخبری

اسمارٹ میٹرز لازمی

شہباز شریف نے ملک بھر میں اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے بلنگ سسٹم کا ٹیکنیکل آڈٹ کرانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ڈسکوز کی کارکردگی جانچنے کے لیے کلیدی کارکردگی اشاریے (KPIs) مرتب کیے جائیں اور مقررہ ٹائم لائن کے ساتھ اہداف بھی طے کیے جائیں۔

بہترین ڈسکو کو اعزاز

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بہترین کارکردگی دکھانے والی بجلی تقسیم کار کمپنی کو اعزاز سے نوازا جائے، جبکہ دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کے مؤثر حل کے لیے گاؤں کی سطح پر سولرائزیشن کے منصوبے بھی تیار کیے جائیں۔

کم نقصان والی کمپنیاں

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران ٹرانسمشن اور ڈسٹری بیوشن لاسز کے حوالے سے سب سے کم نقصان اسلام آباد، لاہور اور گوجرانوالا کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو ہوا۔

اے ایم آئی میٹرز منصوبہ

اجلاس کو بتایا گیا کہ بجلی چوری کی روک تھام، ریکوری میں بہتری اور تکنیکی مسائل کے حل کے لیے مختلف ڈسکوز میں سپورٹ یونٹس قائم کیے جا چکے ہیں۔

بریفنگ کے مطابق ملتان، لاہور، پشاور، ہزارہ اور کوئٹہ ریجنز میں ایک کروڑ 62 لاکھ سنگل فیز اے ایم آئی (AMI) میٹرز کی تنصیب کا منصوبہ بھی زیر غور ہے،اجلاس میں وفاقی وزراء، چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز، آئی جیز پولیس اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

editor

Related Articles