پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائوں میں سیلابی صورتحال اور ممکنہ بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا ۔
پنجاب میں مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے سیلابی صورتحال سے متعلق اپ ڈیٹس جاری کی ہیں ، پی ڈی ایم اے پنجاب نے 5 اگست تک مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعدد شہروں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔۔
پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول پر
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے تاہم دریائے سندھ میں کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق کالاباغ میں پانی کا بہاؤ تقریباً 2 لاکھ 63 ہزار کیوسک جبکہ چشمہ کے مقام پر 2 لاکھ 94 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، اسی طرح ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق بتایا گیا ہے۔
کن علاقوں میں سیلاب کی صورتحال ہے؟
پی ڈی ایم اے کے مطابق وزیر آباد کے مقام پر نالہ پلکھو میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کا بہاؤ تقریباً 3,600 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ نارووال کے نالہ بسنتر میں نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اگر بالائی علاقوں میں متوقع بارشیں زیادہ ہوئیں تو مشرقی دریاؤں اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
مون سون بارشوں کا چوتھا اسپیل، کن شہروں کو خطرہ؟
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس سے لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
مزید برآں مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی امکان ہے ، ماہرین کے مطابق شدید بارشیں معمولات زندگی، ٹریفک اور شہری انفراسٹرکچر کو متاثر کر سکتی ہیں، اس لیے مقامی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
فلڈ ریلیف کیمپس قائم، ڈی جی پی ڈی ایم اے کی اپیل
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ کے مطابق حکومت پنجاب نے متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے ہیں، جہاں متاثرہ افراد کے لیے بنیادی سہولیات، خوراک اور ضروری ادویات فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے دریاؤں کے پاٹ میں رہنے والے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔ ساتھ ہی عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ موسم اور سیلاب کی تازہ صورتحال پر نظر رکھیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔