کل سے ملک بھر میں بارشوں کا نیا طاقتور اسپیل داخل ہونے کا امکان

کل سے ملک بھر میں بارشوں کا نیا طاقتور اسپیل داخل ہونے کا امکان

محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں کل 29 جولائی سے بارشوں کے ایک نئے طاقتور سلسلے کے داخل ہونے کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو خبردار کردیا ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والی مون سون ہوائیں بالائی اور وسطی علاقوں کو متاثر کریں گی، جبکہ یکم اگست سے مغربی ہواؤں کا ایک مضبوط سلسلہ بھی ملک کے بیشتر حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے ۔

کشمیر میں آج رات سے 5 اگست تک وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار سے انتہائی موسلا دھار بارش متوقع ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 29 جولائی سے 4 اگست تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے جنوبی پنجاب کے اضلاع بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، ملتان، وہاڑی، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں 31 جولائی سے 3 اگست تک بارشوں کی پیشگوئی کی ہے ، پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی  29 جولائی سے 5 اگست تک تیز ہواؤں، گرج چمک اور بعض مقامات پر شدید بارش کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں آج شام اور رات سے 6 اگست تک درمیانی سے شدید بارش متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں :آج کہاں کہاں بادل برسیں گے ؟ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی آگئی

 بلوچستان کے مشرقی اور جنوبی علاقوں میں 31 جولائی کی شام اور رات سے 3 اگست تک بارش اور بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ سندھ کے مختلف اضلاع میں 31 جولائی کی شام سے 2 اگست تک گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

اربن فلڈنگ کا خدشہ

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، نوشہرہ، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، لاہور، ملتان اور فیصل آباد میں 30 جولائی سے 4 اگست تک اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی نشیبی علاقوں کے زیر آب آنے کا امکان ہے، جن میں نواب شاہ، سکھر، شہید بینظیر آباد، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، سانگھڑ، خیرپور، مٹھی، میرپور خاص، عمرکوٹ، ٹنڈو محمد خان اور ٹنڈو اللہ یار شامل ہیں۔

پہاڑی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ کا خطرہ

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں 30 جولائی سے 5 اگست تک لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، جبکہ کشمیر، مری، گلیات، شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان کے پہاڑی نالوں اور شمال مشرقی بلوچستان میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ موجود ہے ، بارش، آندھی اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور مکانات، سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں اور بل بورڈز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا الرٹ

محکمہ موسمیات نے شہریوں، سیاحوں اور مسافروں کو موسم کی صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے،  کسانوں کو موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے زرعی سرگرمیاں ترتیب دینے جبکہ مویشی پال افراد کو جانوروں کی حفاظت یقینی بنانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :مسلسل بارشیں ، ناران ،مانسہرہ میں سیاحوں کو سفر کرنے سے گریز کی ہدایت

تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

editor

Related Articles