یوٹیوب دنیا کی مقبول ترین ویڈیو شیئرنگ سروس ہے، جسے روزانہ اربوں افراد استعمال کرتے ہیں، اور اسمارٹ فونز پر یوٹیوب ایپ سب سے زیادہ استعمال ہونے والی ایپس میں شامل ہے مگر اب کچھ صارفین کے لیے یہ سہولت پہلے جیسی نہیں رہے گی ۔
گوگل نے باضابطہ طور پر ایسے فیصلے کا اعلان کر دیا ہے جو لاکھوں پرانے فونز استعمال کرنے والوں کو براہِ راست متاثر کرے گا۔
آخر ماجرا کیا ہے؟
گوگل نے اینڈرائیڈ 6.0 (مارش میلو) آپریٹنگ سسٹم پر کام کرنے والے اسمارٹ فونز کے لیے گوگل پلے سروسز کی سپورٹ باضابطہ طور پر ختم کر دی ہے، جس کے نتیجے میں انہی فونز پر یوٹیوب ایپ کا مکمل استعمال بھی ناممکن ہو گیا ہے۔
جولائی 2026 کے اختتام کے بعد اینڈرائیڈ فونز پر یوٹیوب ایپ چلانے کے لیے کم از کم اینڈرائیڈ 7.0 (نوگاٹ) آپریٹنگ سسٹم درکار ہوگا۔
واضح رہے کہ اینڈرائیڈ 6.0 مارش میلو 2015 میں متعارف ہوا تھا اور گوگل پلے سروسز کی مسلسل سپورٹ حاصل کرنے والا یہ سب سے طویل عرصے تک چلنے والا اینڈرائیڈ ورژن رہا پورے 11 سال۔
کیا فون اچانک بند ہو جائے گا؟
بالکل نہیں، یہ بات واضح رہے کہ متاثرہ فونز میں یوٹیوب ایپ اچانک کام کرنا نہیں چھوڑے گی اور نہ ہی صارف کا کوئی ڈیٹا ضائع ہوگا، درحقیقت اینڈرائیڈ 6.0 پر چلنے والے فونز کو بتدریج مسائل کا سامنا ہوگا۔
جب صارف یوٹیوب ایپ کھولے گا تو اسکرین پر “سوئچ ٹو یوٹیوب” (Switch to YouTube) کا پیغام نظر آئے گا، جس کے بعد صارف کو خودکار طور پر فون کے براؤزر میں یوٹیوب کی موبائل ویب سائٹ پر منتقل کر دیا جائے گا۔
یہ تبدیلی کیوں کی جا رہی ہے؟
ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ یوٹیوب سمیت گوگل کی دیگر ایپس میں مسلسل نئی تبدیلیاں اور جدید فیچرز شامل کیے جاتے رہتے ہیں، جبکہ پرانے آپریٹنگ سسٹمز میں یہ نئے فیچرز درست طریقے سے کام نہیں کر پاتے اور گوگل پلے سروسز دراصل وہ بنیادی سافٹ ویئر ڈھانچہ ہے جو اکاؤنٹ کی تصدیق، لوکیشن سروسز، نوٹیفیکیشنز اور سیکیورٹی تحفظ جیسی اہم سہولیات فراہم کرتا ہے اور جدید سیکیورٹی و فیچر اپڈیٹس کے بغیر یہ پرانے فونز مزید خطرات سے دوچار ہو سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ یہی تبدیلی جی میل ایپ پر بھی لاگو کی جا رہی ہے، جسے چلانے کے لیے بھی اب کم از کم اینڈرائیڈ 7.0 درکار ہوگا۔
متاثرہ صارفین کے پاس کیا حل موجود ہیں؟
اگر آپ بھی پرانا اینڈرائیڈ فون استعمال کر رہے ہیں اور یوٹیوب ایپ تک رسائی متاثر ہونے لگے تو گھبرانے کی ضرورت نہیں ، اس کے دو آسان حل موجود ہیں۔
ویب سائٹ کا استعمال: فون کے کسی بھی براؤزر میں youtube.com کھول کر یوٹیوب معمول کے مطابق دیکھی جا سکتی ہے، البتہ تجربہ اور فیچرز مکمل ایپ جیسے نہیں ہوں گے۔
نیا فون خریدنا: ایسا نیا اسمارٹ فون لینا جو اینڈرائیڈ 7.0 یا اس سے جدید ورژن پر چلتا ہو، تاکہ یوٹیوب ایپ سمیت دیگر گوگل سروسز بلا رکاوٹ استعمال کی جا سکیں۔
ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ یہ صرف یوٹیوب تک محدود نہیں ، گوگل پلے پروٹیکٹ کی سیکیورٹی اپڈیٹس نہ ملنے کے باعث پرانے فونز میں مالویئر اور ہیکنگ کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔
آنے والے دنوں میں دیگر مقبول ایپس بھی اسی طرح کی تنبیہات دکھانا شروع کر سکتی ہیں۔ اسی لیے اگر آپ کا فون بھی اینڈرائیڈ 6.0 پر چل رہا ہے، تو بہتر ہے کہ بروقت اپ گریڈ کا فیصلہ کر لیں۔