وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہریوں کے لیے پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ کے حصول کا عمل آسان بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب شہری نیشنل پولیس بیورو پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے۔
محسن نقوی نے نیشنل پولیس بیورو کے دورے کے دوران اجلاس کی صدارت کی، جہاں ملک بھر کے لیے یکساں پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ نظام کی منظوری دی گئی وزیر داخلہ کے مطابق پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ کے پیچیدہ طریقہ کار کو ختم کرکے مکمل طور پر آن لائن اور تیز تر بنایا جا رہا ہے، جس سے شہریوں کو دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔
ڈرائیونگ پرمٹ میں آسانی
محسن نقوی نے انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ کے لیے بھی ملک بھر میں ایک جیسا طریقہ کار بنانے کی ہدایت کی، تاکہ شہریوں کو صوبائی سطح پر مختلف مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
بیورو کو فعال بنانے کا عزم
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ نیشنل پولیس بیورو کو ایک متحرک اور مؤثر ادارہ بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، انہوں نے بیورو کی عمارت کی تزئین و آرائش کے کام کا بھی جائزہ لیا۔
شہدا کو خراج عقیدت
اجلاس میں یوم پولیس شہدا کے حوالے سے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا،محسن نقوی نے کہا کہ امن و امان کے قیام اور جرائم کے خاتمے کے لیے پولیس شہدا کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،انہوں نے کہا کہ پولیس شہدا قوم کے ہیرو ہیں اور حکومت و عوام ان کے خاندانوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔