شارجہ پولیس نے خطرناک انداز میں گاڑیاں چلانے اور سڑکوں پر ریس لگانے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کر لیا، جبکہ ان کی قیمتی گاڑیاں بھی ضبط کر لی گئیں۔
پولیس کے مطابق دونوں ڈرائیوروں نے ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے نہ صرف اپنی جان بلکہ دیگر شہریوں کی زندگیوں کو بھی خطرے میں ڈالا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایک ملزم نے اپنی خطرناک ڈرائیونگ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیں جس کے بعد پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا۔
پولیس نے سوشل میڈیا پر موجود ویڈیوز اور دیگر شواہد کی مدد سے دونوں ڈرائیوروں کی شناخت کی اور انہیں گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران دونوں گاڑیاں بھی تحویل میں لے لی گئیں۔
شارجہ پولیس نے بتایا کہ دونوں ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔