آزاد کشمیر انتخابات: کوٹلہ سے نورین عارف، لچھراٹ سے سید بازل نقوی کامیاب

آزاد کشمیر انتخابات: کوٹلہ سے نورین عارف، لچھراٹ سے سید بازل نقوی کامیاب

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مؤخر ہونے والی مظفرآباد ڈویژن کی دونوں نشستوں کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج مکمل ہو گئے ہیں۔ ایل اے 27 کوٹلہ سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی امیدوار نورین عارف کامیاب ہوئیں جبکہ ایل اے 28 لچھراٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سید بازل نقوی نے کامیابی حاصل کر لی۔

ایل اے 27 کوٹلہ میں مسلم لیگ (ن) کی امیدوار نورین عارف نے 19 ہزار 939 ووٹ حاصل کر کے کامیابی اپنے نام کی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سردار جاوید ایوب 18 ہزار 909 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے سردار تبارک 18 ہزار 574 ووٹ حاصل کر کے تیسرے نمبر پر رہے۔

اس حلقے میں استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار سردار تبارک کو مضبوط امیدوار تصور کیا جا رہا تھا، کیونکہ انہیں میر عتیق گروپ کی بھی حمایت حاصل تھی۔ تاہم انتخابی نتائج نے تمام اندازے بدل دیے اور استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر اسمبلی میں نشست حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔

  یہ بھی پڑھیں :آزاد کشمیرانتخابات کا دوسرا مرحلہ ، کئی سیاسی اپ سیٹ، 7 نئے چہرے اسمبلی پہنچ گئے

دوسری جانب ایل اے 28 لچھراٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سید بازل نقوی نے 27 ہزار 731 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی۔ مسلم لیگ (ن) کے چوہدری شہزاد 26 ہزار 518 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ دونوں امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا تاہم آخری مرحلے میں پیپلز پارٹی کے امیدوار نے برتری برقرار رکھی۔

یاد رہے کہ مظفرآباد ڈویژن میں انتخابات کا دوسرا مرحلہ 2 اگست کو ہونا تھا، لیکن بعض علاقوں میں راستوں کی بندش کے باعث پولنگ میٹریل اور انتخابی عملہ بروقت نہ پہنچ سکا۔ اسی وجہ سے ایل اے 27 میں پولنگ ملتوی کر دی گئی تھی، جبکہ ایل اے 28 کے 54 پولنگ اسٹیشنز پر بھی ووٹنگ مؤخر کر دی گئی تھی۔

الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق دونوں حلقوں میں 4 اگست کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک پولنگ ہوئی۔ انتخابی عمل کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار پولنگ اسٹیشنز پر تعینات رہے تاکہ ووٹنگ کا عمل پرامن ماحول میں مکمل ہو سکے۔

 یہ بھی پڑھیں :آزاد کشمیر میں 12 سیٹوں کا معاملہ انتخابات کے بعد نئی اسمبلی میں لے جایا جائے ، رانا ثناء

ان دونوں نشستوں کے نتائج سامنے آنے کے بعد آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کی مجموعی نشستوں کی تعداد 24 ہو گئی ہے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 10 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر آ گئی ہے۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر انتخابات کا تیسرا اور آخری مرحلہ 10 اگست کو پونچھ ڈویژن میں ہوگا، جس کے لیے الیکشن کمیشن کی تیاریاں جاری ہیں۔

editor

Related Articles