لندن میں یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر بھارتی ہائی کمیشن کے باہر کشمیریوں اور پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے احتجاجی مظاہرہ کیا ،مظاہرین نے 5 اگست 2019 کو بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے اور علاقے میں نافذ پالیسیوں کے خلاف شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔
احتجاج کے دوران شرکاء نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کے حق میں اور بھارتی حکومت کی کشمیر پالیسیوں کے خلاف نعرے لگائے۔ مظاہرین نے پاکستان، پاک فوج کے حق میں بھی بھرپور نعرے بازی کی ۔
مقررین کا کہنا تھا کہ 5 اگست 2019 کا اقدام کشمیری عوام کی سیاسی شناخت، حقوق اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی تھا انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حقِ خودارادیت دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔
مظاہرین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل تک اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے، احتجاج پُرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوا، جبکہ شرکاء نے کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔