ایئر چیف اور نیول چیف سے صومالیہ کے دفاعی وفد کی ملاقات،دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

ایئر چیف اور نیول چیف سے صومالیہ کے دفاعی وفد کی ملاقات،دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

وفاقی جمہوریہ صومالیہ کے وزیر دفاع سفیر احمد معلم فقی کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے دفاعی وفد نے اسلام آباد میں نیول ہیڈکوارٹرز اور ایئر ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کی قیادت سے دوطرفہ دفاعی تعاون، پیشہ ورانہ روابط اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نیول ہیڈکوارٹرز میں صومالی وفد نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی پیشہ ورانہ دلچسپی، علاقائی بحری سلامتی اور پاکستان و صومالیہ کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر گفتگو ہوئی،ایڈمرل نوید اشرف نے اس موقع پر صومالیہ کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

فضائیہ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ

صومالی وفد نے ایئر ہیڈکوارٹرز میں چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی ملاقات کی،اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، پیشہ ورانہ اشتراک، تربیتی پروگراموں اور استعداد کار میں اضافے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں :معرکہ حق میں پاکستان کو تاریخی کامیابی ملی، پاک فضائیہ کسی بھی صورتحال میں ملک کا دفاع یقینی بنائے گی، ایئر چیف

دفاعی تعاون پر زور

چیف آف دی ایئر اسٹاف نے پاک فضائیہ کی مقامی سطح پر صلاحیتوں کی ترقی، جدید تربیتی نظام اور پیشہ ورانہ تبادلوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان فضائیہ صومالی فضائیہ کے ساتھ ادارہ جاتی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے،انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں قریبی روابط کو علاقائی امن اور استحکام کے لیے اہم قرار دیا۔

پاک فضائیہ، نیوی کی تعریف

صومالی وزیر دفاع سفیر احمد معلم فقی نے علاقائی بحری سلامتی کے فروغ میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہا اور پاکستان نیوی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی،انہوں نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل صلاحیتوں اور دفاعی شعبے میں حاصل کامیابیوں کو بھی قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

editor

Related Articles