اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے ایران امریکا تنازع میں ثالثی اور تشدد کے خاتمے کی کوششوں پر پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
پریس بریفنگ میں اسٹیفن ڈوجارک نے کہا کہ اقوام متحدہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی امن کے لیے کوششوں کو سراہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قیام امن کے لیے پاکستان کا کردار انتہائی کلیدی رہا ہے، جبکہ مذاکرات شروع ہونے سے ہی ایران امریکا تنازع کے خاتمے کی راہ ہموار ہوگی۔
اسٹیفن ڈوجارک نے اسلام آباد میں ہونے والی امریکا ایران مفاہمت کو بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ تنازع کے حل کے لیے سفارتی کوششوں کا جاری رہنا ضروری ہے۔
پاکستان اس تنازع کے دوران امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات اور سفارتی رابطوں میں سہولت کاری کا کردار ادا کرتا رہا ہے۔ پاکستان نے جون 2026 میں امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد مفاہمت کی یادداشت (Islamabad MoU) کے بعد بھی فریقین کو مذاکرات کی جانب واپس لانے کی کوششیں جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے تنازع کے حل کے لیے مکالمے، سفارت کاری اور تحمل کو بنیادی اصول قرار دیا ہے، جبکہ اسلام آباد مفاہمت کی یادداشت کو فریقین کے درمیان مذاکرات اور پائیدار حل کی جانب ایک فریم ورک قرار دیا گیا۔
جون میں امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے بعد پاکستان اور قطر نے اس پر عملدرآمد کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی کے اجلاس کی میزبانی بھی کی تھی۔
دریں اثنا، اگست میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایران کا دورہ بھی کیا، جسے پاکستان کی جانب سے امریکا ایران تنازع کے خاتمے اور سفارتی عمل کی بحالی کے لیے جاری کوششوں کا حصہ قرار دیا گیا تھا۔