نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے فرانسیسی وزیر برائے یورپ و خارجہ امور جین نیول بیروٹ سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور فرانس کے دوطرفہ تعلقات سمیت علاقائی اور عالمی سطح پر ہونے والی اہم پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں پاکستان اور فرانس کے تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔
اسحاق ڈار نے تجارت، سرمایہ کاری اور تعلیمی روابط سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان اور فرانس کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں دونوں جانب سے باہمی تعاون کو وسعت دینے اور دوطرفہ روابط کے فروغ کی اہمیت پر بھی گفتگو کی گئی۔
دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران فلسطین کی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔ اسحاق ڈار نے مسئلہ فلسطین کے حل اور دو ریاستی حل کے لیے فرانس کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔
فریقین نے ایران کی صورتحال اور خطے میں سفارتی روابط کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں اسلام آباد ایم او یو پر عملدرآمد کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی۔
فرانسیسی وزیر برائے یورپ و خارجہ امور جین نیول بیروٹ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔