سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں 2 مختلف کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج کے 10 دہشت گرد جہنم واصل کر دیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پہلی کارروائی 6 اگست کو جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں ہوئی، جہاں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملے کی کوشش کی ، سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دوسری کارروائی ضلع دیر میں کی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے مزید 2 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے ، یہ دہشتگرد علاقے میں متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت ’عزمِ استحکام‘ وژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اپنی انسداد دہشتگردی مہم پوری قوت سے جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم اور صدر مملکت کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان اور ضلع دیر میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قربانیوں پر فخر کرتی ہے, بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی پھیلانے والے عناصر کے ناپاک عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آپریشن عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں بھرپور عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی جنوبی وزیرستان اور دیر میں فتنہ الخوارج کےبھارتی سرپرستی میں سرگرم دس دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے ۔
صدرِ مملکت نے جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔
ان کاکہنا تھا کہ قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے خلاف ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔