پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو سلامی (سیلوٹ) پیش کرنے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس پر صارفین کی جانب سے اسے عزت و احترام کی عمدہ مثال قرار دیتے ہوئے بھرپور انداز میں سراہا جارہا ہے۔
وائرل تصویر مکہ مکرمہ میں ہونے والی ایک سرکاری تقریب کے دوران لی گئی بتائی جا رہی ہے، جہاں وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستانی وفد نے سعودی قیادت سے ملاقات کی۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی وفد کا حصہ تھے۔
سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر تصویر کے ساتھ متعدد صارفین نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار، پاکستان کی حالیہ سفارتی سرگرمیوں اور علاقائی امور میں ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے پیغامات شیئر کیے۔ سوشل میڈیا صارفین نے دنوں رہنماوں کا ایک دوسرے کو سیلوٹ کرنے کی تصویر کو عزت و احترام کی عمدہ مثال قرار دیتے ہوئے لکھا کہ پاکستان نے حالیہ عرصے میں اہم سفارتی کامیابیاں حاصل کی ہیں، جبکہ کچھ صارفین نے اسے پاکستان اور سعودی عرب کے مضبوط دفاعی و برادرانہ تعلقات کی علامت قرار دیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی، اقتصادی اور سفارتی تعاون پر مبنی تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں، جبکہ دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت کے درمیان حالیہ ملاقاتوں کو بھی دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔