پنجاب کے سرکاری و نجی اسکولوں میں گرمیوں کی تعطیلات اپنے اختتامی مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں، تاہم مون سون بارشوں کے باعث تعطیلات میں ممکنہ توسیع سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں گردش کر رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات 23 اگست 2026 کو ختم ہونے کا شیڈول ہے، جبکہ موجودہ حکومتی کیلنڈر کے مطابق اسکول 24 اگست سے دوبارہ کھلنے کی توقع ہے۔
جاری مون سون بارشوں کے تناظر میں بعض حلقوں کی جانب سے یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ آیا تعطیلات میں توسیع کرتے ہوئے تعلیمی اداروں کو 31 اگست تک بند رکھا جائے گا۔ تاہم ذرائع کے مطابق اس وقت تعطیلات میں توسیع سے متعلق نہ کوئی تجویز زیرِ غور ہے اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی باضابطہ رپورٹ سامنے آئی ہے۔
تاحال پنجاب حکومت یا محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے گرمیوں کی تعطیلات میں اضافے کا کوئی سرکاری اعلان جاری نہیں کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے کے دریاؤں میں بھی فی الحال کسی بڑے سیلابی خطرے کی پیش گوئی نہیں کی گئی، جس کے باعث امکان ہے کہ تعلیمی ادارے مقررہ شیڈول کے مطابق 24 اگست سے دوبارہ کھل جائیں گے۔
البتہ حکام کا کہنا ہے کہ تعطیلات میں کسی بھی قسم کی توسیع یا تعلیمی کیلنڈر میں تبدیلی کا حتمی فیصلہ پنجاب حکومت ہی کرے گی، جس کا اعلان سرکاری طور پر کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال شدید مون سون بارشوں اور مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال کے باعث پنجاب حکومت نے سرکاری و نجی اسکولوں کی گرمیوں کی تعطیلات میں توسیع کرتے ہوئے انہیں 31 اگست 2025 تک بڑھا دیا تھا۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے 24 اگست سے قبل سرکاری اور نجی اسکول کھولنے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی وضاحت کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ مقررہ تاریخ سے پہلے کسی بھی تعلیمی ادارے کو کھولنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے تمام سرکاری و نجی اسکولوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرمیوں کی تعطیلات کے دوران کسی بھی اسکول کو قبل از وقت نہیں کھولا جائے گا اور تمام تعلیمی ادارے صرف مقررہ شیڈول کے مطابق 24 اگست 2026 کو دوبارہ کھلیں گے۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ حکومت کی جانب سے تعطیلات کے دوران ریمیڈیئل لرننگ کیمپ کے لیے ایک ماہ کا وقت مختص کیا گیا ہے تاکہ طلبہ کے تعلیمی نقصان (لرننگ لاس) کا ازالہ کیا جا سکے۔ اس مقصد کے لیے خصوصی تعلیمی کیمپس بھی قائم کیے گئے ہیں۔
رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ موجودہ تعلیمی شیڈول میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی، اس لیے تمام سرکاری اور نجی اسکول 24 اگست کو ہی معمول کے مطابق تدریسی سرگرمیوں کا آغاز کریں گے۔
وزیر تعلیم کی ہدایات کے بعد 24 اگست سے قبل اسکول کھولنے سے متعلق زیرِ گردش قیاس آرائیوں اور خبروں کی بھی وضاحت ہو گئی ہے، جبکہ تمام تعلیمی اداروں کو سرکاری شیڈول پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔