پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان کی والدہ انتقال کر گئی ہیں۔ ان کے انتقال پر پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
بیرسٹر گوہر خان نے اپنی والدہ کے انتقال کی اطلاع سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے پیغام کے ذریعے دی۔ انہوں نے انتہائی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی محترم اور شفیق والدہ وفات پا گئی ہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے اپنی والدہ کے لیے دعائے مغفرت اور بلند درجات کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں اہل خانہ کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھا جائے۔
مرحومہ کی نماز جنازہ آج ہفتہ 8 اگست کو شام 4 بجے ضلع بونیر کے گاؤں ڈگر میں ادا کی جائے گی۔والدہ کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کی جانب سے بیرسٹر گوہر خان سے تعزیت اور اہل خانہ کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا جا رہا ہے۔
پارٹی رہنماؤں نے مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔دوسری جانب سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے بھی بیرسٹر گوہر خان کی والدہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کی جا رہی ہے۔

