پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم اپنی آواز اور جذباتی گائیکی کے باعث دنیا بھر میں مقبول ہیں۔ ’عادت‘، ’کچھ اس طرح‘، ’بخدا‘ اور ’دل دیاں گلاں‘ سمیت ان کے کئی گانے شائقین میں بے حد مقبول ہیں۔
عاطف اسلم ان دنوں موسیقی سے متعلق مصروفیات کے سلسلے میں دبئی میں موجود ہیں، جہاں وہ مختلف پوڈکاسٹس اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو انٹرویوز بھی دے رہے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے کرس فیڈ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں گفتگو کے دوران انہوں نے اپنے بھارتی مداحوں کا ذکر کیا۔
عاطف اسلم نے بتایا کہ وہ بھارت میں کام کرنے کو نہیں بلکہ وہاں موجود اپنے مداحوں کو یاد کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بھارتی مداحوں سے کہنا چاہتے ہیں کہ پابندی سے مایوس نہ ہوں اور یہ جانیں کہ وہ انہیں یاد کرتے ہیں۔ گلوکار نے کہا کہ پلے بیک سنگنگ نے انہیں بہت کچھ سکھایا اور اگر یہ پابندی نہ لگتی تو شاید وہ اپنا میوزک خود تیار کرنے کی جانب نہ آتے۔
عاطف اسلم نے اپنے بھارتی مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ وہ مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے رہے۔ گلوکار نے اس موقع پر اپنے نئے میوزک پروجیکٹ باڈر لیس میوزک کا بھی ذکر کیا، جس میں وہ نوجوان فنکاروں، سینئرز، موسیقاروں، گیت نگاروں اور دیگر میوزک شخصیات کے ساتھ کام کررہے ہیں۔