دریائے نیلم کے اس پار بھارتی مقبوضہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے قریب کیرن سیکٹر میں بھارتی فوج کی جانب سے بڑی اسکرین پر کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کی ویڈیوز چلا دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق 14 اگست کو شام 6 بجے بھارتی فوج نے نیلم ویلی کے کیرن مونومنٹ کے قریب، لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب ایک بڑی اسکرین پر کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج اور ریلیوں سے متعلق ویڈیو کلپس چلائے۔
ذرائع کے مطابق اسکرین پر چلائی جانے والی ویڈیوز میں حالیہ احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کے مناظر شامل تھے۔ کیرن کے دونوں اطراف موجود یادگاروں کے درمیان فاصلہ تقریباً 100 میٹر بتایا گیا ہے۔
دوسری جانب آزاد کشمیر اور پاکستان کے عوام نے اس واقعے کو کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی احتجاجی سرگرمیوں کے بھارتی میڈیا اور سکیورٹی اداروں کی جانب سے استعمال کیے جانے سے تعبیر کیا ہے۔
کیرن سیکٹر لائن آف کنٹرول کا حساس علاقہ ہے، جہاں دونوں جانب سکیورٹی فورسز کی موجودگی کے باعث کسی بھی نوعیت کی سرگرمی فوری طور پر سیاسی اور سکیورٹی توجہ کا مرکز بن سکتی ہے۔