حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر ڈیلرز مارجن میں اضافے کی منظوری دے دی، جس کے نتیجے میں پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں پر فی لیٹر 2 روپے 68 پیسے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں پیٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن میں نظرثانی سے متعلق پٹرولیم ڈویژن کی سمری کی منظوری دی گئی۔
ذرائع کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر ڈیلرز مارجن میں ایک روپے 34 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ اس اضافے کے بعد دونوں مصنوعات پر مجموعی ڈیلرز مارجن 9 روپے 98 پیسے فی لیٹر ہوجائے گا، جبکہ اس سے قبل یہ مارجن 8 روپے 64 پیسے فی لیٹر تھا۔