امریکا میں ایک غیر معمولی فضائی صورتحال اس وقت پیدا ہوگئی جب امریکن ایئرلائنز کے 2 مسافر طیارے ایک ہی فلائٹ نمبر کے ساتھ بیک وقت پرواز کرتے ہوئے ایک دوسرے کے فضائی راستے کے قریب پہنچ گئے، تاہم ایئر ٹریفک کنٹرولر کی بروقت کارروائی کے باعث ممکنہ حادثہ ٹال دیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں طیارے اتفاقاً فلائٹ نمبر 2482 کے تحت پرواز کر رہے تھے۔ ان میں سے ایک طیارہ شکاگو سے فینکس کی جانب آ رہا تھا جبکہ دوسرا فینکس سے روانہ ہو چکا تھا۔
دونوں طیاروں کا کال سائن ایک جیسا ہونے کی وجہ سے صورتحال مزید حساس ہوگئی تھی، کیونکہ پائلٹس ایئر ٹریفک کنٹرولر کی ہدایات کو غلطی سے اپنے طیارے کے لیے سمجھ سکتے تھے۔ صورتحال کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے ایئر ٹریفک کنٹرولر نے فوری طور پر دونوں طیاروں کو الگ الگ شناخت دینا شروع کردی۔ ایک کو ’ارائیول‘ جبکہ دوسرے کو ’ڈیپارچر‘ کہہ کر ہدایات دی گئیں۔
کنٹرولر نے شکاگو سے آنے والے طیارے کو مخصوص بلندی پر برقرار رکھا جبکہ فینکس سے روانہ ہونے والے طیارے کو مزید بلندی حاصل کرنے سے روک دیا، جس کے باعث دونوں طیاروں کے درمیان محفوظ فاصلہ برقرار رہا۔خوش قسمتی سے دونوں طیارے بحفاظت ایک دوسرے سے گزر گئے اور کسی قسم کا حادثہ پیش نہیں آیا۔
دونوں طیاروں کے بحفاظت گزرنے کے بعد ایئر ٹریفک کنٹرولر نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنے 25 سالہ کیریئر کے دوران انہوں نے کبھی 2 طیاروں کو ایک ہی کال سائن کے ساتھ اس طرح ایک دوسرے کے قریب آتے نہیں دیکھا۔ شکاگو سے آنے والے طیارے کے پائلٹ نے بھی صورتحال کو بروقت سنبھالنے پر کنٹرولر کا شکریہ ادا کیا اور ان کی حاضر دماغی کو سراہا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شکاگو سے آنے والی پرواز خراب موسم کے باعث تاخیر کا شکار ہوئی تھی، جبکہ ایئرلائن نے فینکس سے روانہ ہونے والی مقررہ پرواز کو وقت پر چلانے کے لیے دوسرا طیارہ استعمال کیا۔ اسی وجہ سے دونوں طیارے ایک ہی فلائٹ نمبر کے ساتھ بیک وقت فضا میں موجود ہوگئے۔
واقعے کے بعد امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن اور امریکن ایئرلائنز کی جانب سے معاملے کا جائزہ لیے جانے کا امکان ہے تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ دونوں پروازوں کو ایک ہی فلائٹ نمبر کیسے تفویض ہوا اور مستقبل میں ایسے واقعات سے کیسے بچا جا سکتا ہے۔