یونسکو میں پاکستانی شہریوں کے لیے عالمی کیریئر کے مواقع، درخواست کا طریقہ بھی سامنے آگیا

یونسکو میں پاکستانی شہریوں کے لیے عالمی کیریئر کے مواقع، درخواست کا طریقہ بھی سامنے آگیا

پاکستانیوں کے لیے بیرونِ ملک ملازمتوں کے مواقع سامنے آگئے ہیں۔ بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے اقوامِ متحدہ کے ذیلی ادارے یونسکو میں پاکستانی شہریوں کے لیے عالمی سطح پر ملازمتوں اور بین الاقوامی کیریئر کے مواقع کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔

بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق یونسکو میں پاکستانی شہریوں کے لیے مختلف شعبوں میں ملازمتوں کے مواقع دستیاب ہیں، جن کا مقصد پاکستانی قابلیت کو عالمی سطح پر مواقع فراہم کرنا ہے۔

یونسکو کی جانب سے P-1 سے P-5 تک مختلف سطحوں کی نشستیں پیش کی جا رہی ہیں، جبکہ ڈائریکٹر لیول پر D-1 اور D-2 کی نشستیں بھی شامل ہیں۔

تعلیم، سائنس، ثقافت، انتظامیہ، فنانس، انجینئرنگ اور دیگر سماجی و انتظامی علوم سے تعلق رکھنے والے افراد ان مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا بیرونِ ملک ملازمت کے خواہشمند افراد کو بلاسود مالی امداد فراہم کرنے کا اعلان

اہلیت اور مطلوبہ مہارتیں

جاری کردہ تفصیلات کے مطابق امیدوار کے پاس متعلقہ شعبے میں یونیورسٹی ڈگری، پیشہ ورانہ سند اور عملی تجربہ ہونا لازمی ہے۔

امیدواروں کے لیے بہترین مواصلاتی مہارتیں بھی اہم قرار دی گئی ہیں، جبکہ انگریزی اور فرانسیسی زبان پر عبور رکھنے والے امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی۔

منتخب امیدواروں کے لیے مراعات

یونسکو میں منتخب ہونے والے افراد کو عالمی سطح کے منصوبوں پر کام کرنے کا موقع ملے گا۔

ملازمت کے ساتھ بنیادی تنخواہ کے علاوہ فیملی الاؤنس، بچوں کی تعلیم کے لیے مالی معاونت، سفری الاؤنسز اور دیگر مراعات بھی یونسکو کے قوانین کے مطابق فراہم کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانیوں کے لیے سنہری موقع، امارات گروپ کی جانب سے ملازمتوں کا اعلان

آن لائن درخواست جمع کرانے کا طریقہ

خواہش مند امیدوار یونسکو کے مرکزی آن لائن کیریئر پورٹل careers.unesco.org پر جاکر اپنی درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں۔

جاری کردہ معلومات کے مطابق امیدواروں کو انتخاب کے مرحلے میں تکنیکی جانچ، تحریری ٹیسٹ اور انٹرویوز سے گزرنا ہوگا۔

بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی غیر رسمی ایجنٹ یا تھرڈ پارٹی پورٹل پر بھروسہ نہ کریں اور تمام اسامیوں کی تصدیق براہِ راست یونسکو کی آفیشل ویب سائٹ سے کریں۔

CV اور کور لیٹر بروقت اپ لوڈ کرنے کی ہدایت

امیدواروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ آخری تاریخ سے قبل اپنی مکمل تحریری دستاویزات، جن میں CV اور کور لیٹر شامل ہیں، آن لائن اپ لوڈ کردیں۔

بیورو آف امیگریشن کے مطابق یونسکو میں دستیاب یہ مواقع پاکستانی شہریوں کو بین الاقوامی سطح پر اپنی قابلیت اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں بروئے کار لانے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔

Related Articles