حکومت کا بیرونِ ملک ملازمت کے خواہشمند افراد کو بلاسود مالی امداد فراہم کرنے کا اعلان

حکومت کا بیرونِ ملک ملازمت کے خواہشمند افراد کو بلاسود مالی امداد فراہم کرنے کا اعلان

پنجاب حکومت نے بیرونِ ملک ملازمت حاصل کرنے والے شہریوں کے لیے ایک اہم سہولت متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت اہل افراد کو ضروری اخراجات پورے کرنے کے لیے بلاسود مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

حکومت کے ’’ پرواز کارڈ‘‘  پروگرام کا مقصد ایسے شہریوں کی مالی مشکلات کم کرنا ہے جو بیرونِ ملک ملازمت حاصل کر چکے ہیں، تاہم ویزا پراسیسنگ، میڈیکل ٹیسٹ، ایئر ٹکٹ اور دیگر ضروری اخراجات پورے نہ ہونے کے باعث اپنی ملازمت جوائن نہیں کر پا رہے۔

پرواز کارڈ کے ذریعے اہل امیدواروں کو ویزا پراسیسنگ، میڈیکل ٹیسٹ، فضائی ٹکٹ، اسکلز ویریفکیشن، اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹر کی فیس اور دیگر منظور شدہ اخراجات کے لیے مالی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس سہولت پر کسی قسم کا سود یا اضافی فنانسنگ چارجز عائد نہیں ہوں گے۔

حکام کے مطابق اس پروگرام سے ہنرمند، نیم ہنرمند اور غیر ہنر مند کارکنوں کے علاوہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے پیشہ ور افراد بھی فائدہ اٹھا سکیں گے، تاہم انہیں مقررہ شرائط پوری کرنا ہوں گی۔ فراہم کی جانے والی رقم آسان اقساط میں واپس کرنا ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: بیرون ملک فرار یوٹیوبرزملک کے خلاف پروپیگنڈا کر رہے ہیں،عظمیٰ بخاری

پرواز کارڈ کے لیے اہلیت کا معیار

پرواز کارڈ کے لیے درخواست دینے والے امیدوار کی عمر کم از کم 18 سال ہونا ضروری ہے۔ درخواست گزار کے پاس درست قومی شناختی کارڈ ہونا چاہیے جبکہ پنجاب کا رہائشی ہونا بھی لازمی شرط قرار دی گئی ہے۔

پروگرام کی بنیادی شرط یہ ہے کہ امیدوار کے پاس بیرونِ ملک ملازمت کی تصدیق شدہ پیشکش موجود ہو۔

ملازمت کی پیشکش نہ رکھنے والوں کے لیے بھی موقع

حکومت نے ایسے افراد کے لیے بھی راستہ رکھا ہے جنہیں ابھی بیرونِ ملک ملازمت نہیں ملی۔ ایسے امیدوار رجسٹرڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کے ذریعے دستیاب اور تصدیق شدہ غیر ملکی ملازمتوں تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔

ملازمت کی پیشکش حاصل ہونے کے بعد امیدوار مقررہ شرائط پوری کرتے ہوئے پرواز کارڈ کے تحت بلاسود مالی معاونت کے لیے درخواست دے سکتا ہے۔ پروگرام کا مقصد صرف مالی مدد فراہم کرنا نہیں بلکہ شہریوں کو قانونی اور محفوظ طریقے سے بیرونِ ملک روزگار کے مواقع تک رسائی فراہم کرنا بھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اوورسیز پاکستانیوں کا بڑا دیرینہ مسئلہ حل، بیرون ملک بیٹھ کر جائیداد منتقلی کی سہولت کا آغاز

درخواست کا عمل مکمل طور پر ڈیجیٹل ہوگا

پرواز کارڈ پروگرام کے لیے درخواست دینے کا طریقہ کار مکمل طور پر آن لائن رکھا گیا ہے۔ حکومت کے مطابق درخواست جمع کروانے، جانچ پڑتال اور درخواست کی صورتحال معلوم کرنے کے لیے ڈیجیٹل نظام استعمال کیا جائے گا۔

حکام نے بتایا کہ مکمل دستاویزات فراہم کرنے والے امیدواروں کی درخواستوں پر کارروائی 7 سے 10 دفتری ایام میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، تاہم منظوری تمام ضروری تصدیقات اور پروگرام کی شرائط پوری ہونے سے مشروط ہوگی۔

اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کے لیے بھی سہولت

بیرونِ ملک روزگار فراہم کرنے والے اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز بھی اس پروگرام کا حصہ بن سکیں گے۔ اس مقصد کے لیے انہیں پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے ساتھ رجسٹریشن کروانا ہوگی۔

رجسٹرڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز قانونی اور شفاف طریقے سے پنجاب کے شہریوں کو بیرونِ ملک روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں معاونت کریں گے۔

حکام کے مطابق اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے آن لائن نظام کے ذریعے رجسٹریشن کروا سکتے ہیں، جبکہ بیرونِ ملک ملازمت کی تصدیق شدہ پیشکش رکھنے والے اہل امیدوار بھی متعلقہ آن لائن پورٹل کے ذریعے بلاسود مالی سہولت کے لیے درخواست جمع کرا سکیں گے۔

Related Articles