صارفین ہوشیار ! ریسٹورنٹس، ہوٹلز اور فوڈ چینز جانیوالوں کیلئے اہم ہدایت جاری

صارفین ہوشیار ! ریسٹورنٹس، ہوٹلز اور فوڈ چینز جانیوالوں کیلئے اہم ہدایت جاری

پنجاب ریونیو اتھارٹی نے ریسٹورنٹس، ہوٹلز، کافی شاپس اور فوڈ چین  میں کھانا کھانے والے شہریوں کے لیے اہم ہدایت جاری کردیں۔

تفصیلات کے مطابق اتھارٹی نے صارفین پر زور دیا ہے کہ کھانے پینے کی خدمات حاصل کرتے وقت ڈیجیٹل رسید ضرور وصول کریں،  ریونیو اتھارٹی کے مطابق شہریوں کی سہولت اور ٹیکس وصولی کے نظام میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے ریسٹورنٹس اور دیگر متعلقہ کاروباری اداروں کی نگرانی کی جارہی ہے۔

حکام کامزید کہنا ہے کہ ریسٹورنٹس اور ہوٹلز میں کچن آرڈر، غیر ادا شدہ، پری یا عارضی بل جاری کرنے پر پہلے ہی پابندی عائد ہے اوراب صارفین کو بھی یہ ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی خریداری یا خدمات کے عوض باقاعدہ ڈیجیٹل رسید لازمی  طلب کریں۔

ترجمان پنجاب ریونیو اتھارٹی کے مطابق فوڈ چینز، ریسٹورنٹس اور کافی شاپس کو متعلقہ ہدایات نمایاں جگہ پر آویزاں کرنا ہوں گی تاکہ صارفین اپنے حقوق اور ضروری تقاضوں سے آگاہ رہیں۔

یہ بھی پڑھیں :ریسٹورنٹس، ہوٹلوں اور میرج ہالز میں کچی رسیدوں کے اجراء پر مکمل پابندی

اس حوالے سے اتھارٹی نے شہریوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ ریسٹورنٹ، ہوٹل، کافی شاپ یا کسی بھی متعلقہ کاروباری ادارے سے خدمات حاصل کرنے کے بعد فراہم کردہ ڈیجیٹل رسید کو ضرور چیک کریں۔

حکام کے مطابق ڈیجیٹل رسید پر پی آر اے انوائس نمبر اور پی آر اے کیو آر کوڈ موجود ہونا ضروری ہے ، لہذا  صارفین کو چاہیے کہ رسید حاصل کرنے کے بعد اس کی تفصیلات بھی ضرور چیک  کریں۔

پنجاب ریونیو اتھارٹی نے صارفین کو خبردار کیا ہے  کہ اگر کوئی کاروباری ادارہ ڈیجیٹل یا کارڈ کے ذریعے ادائیگی قبول کرنے سے انکار کرے تو شہری اس کے خلاف متعلقہ حکام کو شکایت درج کراسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پنجاب : ریسٹورنٹس، کیفے اور فوڈ چینز میں کارڈ سے ادائیگی پر 8 فیصد سیلز ٹیکس نافذ

اتھارٹی کے مطابق ان اقدامات کا مقصد ٹیکس وصولی کے نظام میں شفافیت لانا، صارفین کو باقاعدہ رسید کی فراہمی یقینی بنانا اور کاروباری اداروں کی جانب سے ٹیکس قوانین پر عمل درآمد کو بہتر بنانا ہے۔

editor

Related Articles