گوگل نے پاکستان میں اپنے پہلے مقامی دفتر کے افتتاح کے موقع پر پاکستانی طلبہ کے لیے بڑی سہولت کا اعلان کردیا، گوگل کی جانب سے تمام پاکستانی طلبہ کو ایک سال کے لیے گوگل جیمنائی سبسکرپشن مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گوگل کے نائب صدر ولسن وائٹ سے ملاقات کی اور پاکستان میں کمپنی کے پہلے دفتر کا باضابطہ افتتاح کیا، اس موقع پر امریکی ناظم الامور نٹالی اے بیکر بھی موجود تھیں۔
پاکستان ڈیجیٹل تبدیلی کے اہم مرحلے میں داخل
وزیراعظم شہباز شریف نے گوگل وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایسے وقت میں ڈیجیٹل تبدیلی کے اہم مرحلے سے گزر رہا ہے جب گورننس سمیت مختلف شعبوں میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود ہے جو ملک کی قسمت بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے، نوجوانوں کی صلاحیتوں کو جدید ٹیکنالوجی سے جوڑنے کے لیے پہلے بھی اقدامات کیے گئے ہیں، تاہم مطلوبہ اہداف حاصل کرنے کے لیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔
گوگل کے لیے پاکستان اہم مارکیٹ
گوگل کے نائب صدر ولسن وائٹ نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے اپنے پہلے دورے اور مقامی دفتر کے افتتاح کو کمپنی کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا،انہوں نے کہا کہ گوگل ایک دہائی سے زائد عرصے سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں کام کر رہا ہے، جبکہ مقامی دفتر کا قیام کمپنی کے لیے ایک خاص موقع ہے۔
ولسن وائٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو 30 ارب ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کا مرکز بنانے کا وزیراعظم شہباز شریف کا عزم گوگل کے اہداف سے مطابقت رکھتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 10 برس کے دوران گوگل نے پاکستانی کاروباروں اور گھرانوں کے لیے 3.9 ٹریلین روپے سے زائد کی معاشی سرگرمیاں پیدا کی ہیں، جس کے نتیجے میں 9 لاکھ 60 ہزار سے زائد ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوئے۔
ایک ملین سے زائد پاکستانیوں کی تربیت
گوگل کے نائب صدر نے کہا کہ پاکستان کی ڈیجیٹل تبدیلی اس وقت تک کامیاب نہیں ہوسکتی جب تک ملک کے عوام کی صلاحیتوں میں سرمایہ کاری نہ کی جائے۔
گوگل نے کیریئر سرٹیفکیٹس اور مختلف اسکولوں کے ساتھ تعاون کے ذریعے 10 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کی ڈیجیٹل صلاحیتیں بہتر بنانے میں کردار ادا کیا ہے۔
طلبہ کے لیے جیمنائی ایک سال مفت
ولسن وائٹ نے اعلان کیا کہ گوگل رواں ہفتے کے اختتام پر پاکستانی طلبہ کے لیے گوگل جیمنائی کی ایک سالہ سبسکرپشن مفت فراہم کرنے کا اعلان کرے گا،اس سہولت سے پاکستانی طلبہ کو مصنوعی ذہانت کے جدید ٹولز تک رسائی حاصل ہوگی، جس سے تعلیم، تحقیق، اسائنمنٹس اور دیگر تعلیمی سرگرمیوں میں انہیں مدد مل سکے گی۔
گوگل کے مطابق پاکستان میں مقامی دفتر کا قیام اور طلبہ کے لیے نئی سہولت ملک میں ڈیجیٹل مہارتوں اور مصنوعی ذہانت کے استعمال کو فروغ دینے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔